شام میں جنگ بندی کے معاہدے کی توثیق کے لیے اقوامِ متحدہ میں ووٹنگ

شام تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption شام میں جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود حکومت اور باغی فوجوں کے درمیان کچھ علاقوں سے جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل شام میں جنگ بندی کے معاہدے کی توثیق سے متعلق روسی قرار داد پر ووٹ ڈالے گی۔

روسی قرار داد کے مسودے میں شام میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد تک فوری رسائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

شام میں جنگ بندی کے باوجود جھڑپوں کی اطلاعات

شام میں جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد شروع

شام کے شہر حلب میں جنگ بندی کے خاتمے پر شدید جھڑپیں

قرار داد میں شام میں گذشتہ پانچ برس سے جاری لڑائی کے خاتمے کے لیے ایک ماہ کے اندر قزاقستان میں امن مذاکرات کا انعقاد جس میں روس اور ترکی ضامن کا کردار ادا کریں گے، کی بھی حمایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب شام میں جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود حکومت اور باغی فوجوں کے درمیان کچھ علاقوں سے جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

شام میں جنگ بندی کے اس معاہدے میں شدت پسند گروہ دولت اسلامیہ اور جبۃ الفتح الشام جو پہلے النصرہ کے نام سے جانی جاتی تھی، شریک نہیں ہیں۔

اقوامِ متحدہ میں روس کی جانب پیش کی جانے والی یہ قرارداد ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سلامتی کونسل میں ویٹو کا اختیار رکھنے والے ارکان میں اختلاف پایا جاتا ہے۔

روس شام کے صدر بشار الاسد کا حمایتی ہے جب کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس اس بات پر مصر ہیں کہ بشارالاسد شام میں جنگ بندی کے کسی بھی معاہدے سے پہلے ہر صورت میں مستعفی ہوں۔

روس اور ترکی شامی تنازعے میں مختلف گروہوں کی حمایت کرتے ہیں تاہم ترکی بشار الاسد کی حکومت کے باغیوں کی بھی حمایت کرتا ہے۔

برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق شام میں جمعے کو حکومت اور باغی فوجوں کے درمیان متعدد علاقوں سے لڑائی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

تنظیم کے مطابق شام کے صوبے حما کے شمالی علاقے میں جھڑپوں اور فضائی حملوں کی اطلاعات ہیں۔

سیریئن آبزرویٹری کا یہ بھی کہنا ہے کہ دمشق کے قریب باغیوں کے علاقے وادی برادعہ میں بھی بمباری ہوئی ہے تاہم شامی فوج نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔

شام میں گذشتہ پانچ برس سے جاری لڑائی میں اب تک 250,000 سے زیادہ افراد ہلاک اور تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں