'اب ایسا نہیں ہوگا‘، ڈونلڈ ٹرمپ کا شمالی کوریا کو پیغام

شمالی کوریا تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption شمالی کوریا نے کہا تھا کہ اس نے بین البراعظمی میزائل کے نئے انجن کا تجربہ کیا ہے

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے شمالی کوریا کے بین البراعظمی جوہری میزائل بنانے کے دعوے کو مسترد کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما نے سالِ نو کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ بین البراعظمی میزائل کی تیاری 'آخری مراحل' میں ہے۔

'بین البراعظمی میزائل کا تجربہ آخری مراحل میں ہے'

ٹرمپ شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار

'شمالی کوریا امریکہ کے خلاف اپنا دفاع کر سکتا ہے'

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 'ایسا نہیں ہو گا۔' یہ بات واضح نہیں ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا کی جوہری میزائل بنانے کی صلاحیت پر شک کا اظہار کر رہے تھے یا وہ اس کو روکنے کا کوئی قدم اٹھائیں گے۔

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ٹویٹ کے ذریعے شمالی کوریا کے اتحادی چین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ شمالی کوریا کو لگام دینے میں ناکام رہا ہے۔

'چین امریکہ سے یک طرفہ تجارت کر کے پیسے کما رہا ہے لیکن شمالی کوریا کے معاملے میں کوئی مدد نہیں کر رہا۔ بہت خوب!'

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

پیانگ یانگ نے گذشتہ سال بھی دو جوہری تجربات کیے تھے جن میں سے ایک کو اب تک شمالی کوریا کا سب سے طاقتور تجربہ کہا جا رہا ہے۔

اقوام متحدہ نے ایک قرارداد کے ذریعے شمالی کوریا سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ جوہری اور میزائل تجربات بند کر دے۔

شمالی کوریا نے حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے امریکہ تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل کی تیاری میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں