ملالہ کینیڈا کی نئی بہادر ترین شہری ہیں: جسٹن ٹروڈو

ملالہ یوسفزئی
،تصویر کا کیپشن

ملالہ کو یہ اعزازی شہریت اکتوبر 2014 میں ہی دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا

پاکستان سے تعلق رکھنے والے دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ شخصیت ملالہ یوسفزئی کو کینیڈا کی اعزازی شہریت دی گئی ہے۔

وہ دنیا کی چھٹی ایسی شخصیت ہیں جنھیں کینیڈین حکومت نے اپنا اعزازی شہری بنایا ہے۔

19 سال کی عمر میں ملالہ اعزازی شہریت پانے والی سب سے کم عمر فرد بھی ہیں۔

اوٹاوا میں ایک سرکاری تقریب میں شہریت قبول کرنے کے بعد ملالہ کا کہنا تھا کہ وہ اچھا محسوس کر رہی ہیں۔

انھوں نے کینیڈا کے سیاستدانوں سے کہا کہ وہ اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے دنیا میں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے فنڈ جمع کرنے میں مدد دیں۔

ملالہ دنیا بھر میں خواتین کے حقوق اور تعلیم کی فراہمی کے لیے سرگرم ہیں۔

اس موقع پر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ملالہ کے کام کی تعریف کی اور انہیں ’کینیڈا کی سب سے نئی اور شاید بہادر ترین شہری‘ قرار دیا۔

،تصویر کا کیپشن

19 سال کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی سب نوجوان فرد بھی ہیں

پاکستان کی طالبہ اور کارکن ملالہ کو یہ اعزازی شہریت اکتوبر 2014 میں ہی دی جانی تھی جب اس وقت کی حکومت نے انہیں اس اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا تھا۔

لیکن وہ تقریب ایک گارڈ نیتھن سرللو کی فائرنگ میں ہلاکت اور پارلیمنٹ پر حملے کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی تھی۔

ملالہ سے پہلے جن پانچ لوگوں کو یہ کینیڈا کی اعزازی شہریت دی گئی ہے ان میں نیلسن منڈیلا، دلائی لامہ، مذہبی رہنما آغا خان، سويڈن کے كوٹنيتجن راؤل ویلینبرگ اور میانمار کی لیڈر آنگ سان سوچی شامل ہیں۔