شمالی کوریا کا طاقت کا مظاہرہ
شمالی کوریا میں ملک کے بانی صدر کم ال سنگ کی 105 ویں یوم پیدائش کی تقریبات جاری ہیں۔
شمالی کوریا میں ملک کے بانی صدر کم ال سنگ کی 105 ویں یوم پیدائش کی تقریبات جاری ہیں۔
اس موقع پر پیانگ یانگ میں سنیچر کو فوجیوں، ٹینک اور اسلحے کی پریڈ کی گئی۔
تقریبات کے موقعے پر شمالی کوریا نے امریکہ کو تنبیہ کی ہے کہ خطے میں کسی قسم کے اکسانے والے اقدام نہ کرے کیونکہ 'ہم جواب میں جوہری حملوں کے لیے تیار ہیں'۔
یہ بیان اس وقت آیا ہے جب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما جم جونگ ان ایک اور ایٹمی تجربے کا حکم دے سکتے ہیں۔
شمالی کوریا کے عسکری حکام نے بیان میں کہا ہے 'ہم جنگ کا جواب جنگ سے دینے کے لیے تیار ہیں۔ اگر ہم پر نیوکلیئر حملہ کیا گیا تو ہم اپنے انداز سے ایٹمی حملہ کر کے جواب دینے کو تیار ہیں۔'
شمالی کوریا نے سنیچر کو ہونے والی پریڈ میں پہلی بار بیلسٹک میزائل کی نمائش کی جو آبدوز سے لانچ کیے جانے والے میزائل سے مشابہت رکھتا ہے۔
اس سے قبل چین نے خبردار کیا تھا کہ شمالی کوریا کے حوالے سے کشیدگی بڑھ رہی ہے اور 'کسی بھی وقت لڑائی چھڑ سکتی ہے۔'
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو بیان میں کہا تھا کہ 'اگر چین کی مدد کرنے کا فیصلہ کرتا ہے، تو وہ بہت اچھا ہو گا۔ اگر نہیں کرتا، تو ہم ان کے بغیر اس مسئلے کو حل کر لیں گے۔'