مانچیسٹر میں کنسرٹ کے دوران دھماکے میں 19 ہلاک، 50 زخمی

مانچیسٹر

برطانیہ کے شہر مانچیسٹر کی پولیس کا کہنا ہے کہ مانچیسٹر ایرینا میں ایک کنسرٹ کے دوران دھماکے میں 19 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ برطانوی معیاری وقت کے مطابق شب دس بجکر 35 منٹ پر پیش آیا جب امریکی گلوکارہ آریانا سٹیج پر پرفارم کر رہی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ کنسرٹ کے مقام کے بیرونی طرف ہوا۔

جائےحادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ قریبی ٹرین سٹیشن، مانچیسٹر وکٹوریہ سٹیشن بند کر دیا گیا ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار ڈینیل سٹینفرڈ نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حکام اس واقعے کو ممکنہ طور پر دہشت گردی کی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔

پولیس نے واقعے کے بعد مقامی وقت کے مطابق شب ایک بجکر 32 منٹ پر کیتھڈرل گارڈن میں ایک کنٹرولڈ دھماکہ بھی کیا تاہم بعد ازاں بتایا گیا کہ وہاں کوئی مشتبہ چیز موجود نہیں تھی۔

وزیراعظم ٹریزامے نے اس کارروائی کو قابل نفرت قرار دیا ہے۔ وزیراعظم نے انپی انتخابی مہم کو بھی معطل کر دیا ہے۔

کنسرٹ میں امریکی سنگر آریانا گرینڈے پرفارم کر رہی تھیں۔ ان کے ترجمان کے مطابق وہ خیریت سے ہیں۔

اس سے قبل عینی شاہدین نے کہا تھا کہ انھوں نے ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔

،تصویر کا کیپشن

متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پہنچنے والے ایمرجنسی سروسز کے اہلکار

پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں اور واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔

اطلاعات کے مطابق کنسرٹ کے مقام پر 18000 افراد کی گنجائش موجود ہے اور حادثے کے وقت وہاں ہزاروں افراد موجود تھے جن میں بڑی تعداد نوجوانوں کی تھی۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ کل کتنے لوگوں کو ٹکٹ ملا تھا۔

کنسرٹ کے لیے باہر سے آنے والے لوگوں کو رہائش کی سہولت دینے کے لیے ’روم فور مانچیسر‘ کے ہیش ٹیک کے ساتھ ٹوئٹر پر پیغامات دیے جا رہے ہیں۔

مانچیسٹر ایرینا

مانچسٹر ایرینا جو پہلے 'مین ایرینا' کے نام سے موسوم تھا وہ شہر کا سب سے بڑا ہال ہے جہاں تقریباً 18 ہزار افراد کے بیٹھنے کی بیک وقت گنجائش ہے۔

ایرینا کا دالان وکٹوریہ ٹرین اور ٹرام سٹیشن سے جا لگتا ہے اور یہ شہر کے شمالی حصے میں لوگوں کی بڑی آماج گاہ ہے۔

اس مقام پر امریکی پاپ سٹار اریانا گرانڈے جیسے معروف سٹارز کے کنسرٹس مستقل طور پر منعقد کرائے جاتے ہیں۔

23 سالہ امریکی سٹار ٹی وی ٹین کی اداکارہ تھیں جو کہ بعد میں پاپ سٹار بن گئیں اور وہ برطانیہ کے نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں۔ ان کا البم 'پرابلم' سنہ 2014 میں ہٹ رہا تھا اور اس کی ویڈیو میں ایگی ازالیا نے اداکاری کی تھی۔

وہ فی الحال یورپ کے ٹوئر پر ہیں۔ اس سے قبل وہ برمنگھم اور ڈبلن میں اپنا پروگرام پیش کر چکی ہیں اور لندن کے او 2 ایرینا میں بدھ اور جمعرات کو ان کا پروگرام ہونا ہے۔