شمالی کوریا جنگ کے لیے بیتاب ہے: امریکہ

کم جونگ ان تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

اقوامِ متحدہ میں امریکی مندوب نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے اپنے اقدامات سے دکھا دیا ہے کہ وہ 'جنگ کے لیے بیتاب ہے'

انھوں نے کہا: 'امریکہ کبھی بھی جنگ نہیں چاہتا۔ تاہم ہمارے ملک کا صبر لامحدود نہیں ہے۔'

نکی ہیلی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ شمالی کوریا کے حالیہ ایٹمی تجربے کے خلاف 'سخت ترین قدم اٹھائے۔'

’شمالی کوریا ایک اور میزائل تجربے کی تیاری کر رہا ہے‘

جدید ترین ہائیڈروجن بم تیار کر لیا : شمالی کوریا

ہیلی نے نیویارک میں کونسل کے ہنگامی اجلاس میں کہا: 'اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، تمام سفارتی ذرائع استعمال کرنے کا وقت آ گیا ہے۔'

نکی ہیلی نے کہا کہ صرف سخت ترین پابندیاں ہی اس مسئلے کو سفارتی طور پر حل کروا سکتی ہیں۔

امریکہ اس ضمن میں ایک مسودہ پیش کرے گا جس پر اگلے سوموار کو ووٹنگ ہو گی۔

جنوبی کوریا امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد اپنے میزائلوں پر وزن کی خود عائد کردہ پابندی ختم کرنے جا رہا ہے۔

جنوبی کوریا کے صدر مون جائے ان نے اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے فون پر بات کی ہے۔ فی الوقت جنوبی کوریا کے میزائلوں کا حتمی وزن 500 کلوگرام ہے۔

سوموار کو جنوبی کوریا نے فوجی مشقیں کیں جن میں شمالی کوریا کے ایٹمی تجربات کے مقام پر حملے کی مشق بھی شامل تھی۔

اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نئے میزائل لانچ کرنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ اس نے اتوار کو ایک زیرِ زمین ایٹمی تجربہ کیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس سے قبل سلامتی کونسل نے اگست میں شمالی کوریا پر پابندیاں عاید کی تھیں

سوموار کے اجلاس میں اقوامِ متحدہ کے انڈر سیکریٹری جنرل جیفری فیلٹمین نے کہا کہ شمالی کوریا کے اقدامات عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں اور انھوں نے پیانگ یانگ پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداوں پر عمل کرے۔

'شمالی کوریا وہ واحد ملک ہے جو ایٹمی تجربات پر عائد پابندیاں توڑ رہا ہے۔'

جوہری حملے میں کیسے بچا جا سکتا ہے

اسی دوران امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ جو ملک بھی شمالی کوریا کے ساتھ تجارت کرے گا، امریکہ اس کے ساتھ ہر طرح کا کاروبار روکنے پر غور کر سکتا ہے۔

انھوں نے خبردار کیا: 'جو ملک بھی شمالی کوریا کے ساتھ کاروبار کرے گا، امریکہ سمجھے گا کہ وہ ان کے اندھادھند اور خطرناک ایٹمی عزائم کی مدد کر رہا ہے۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں