پیرس میں تین ہیرے چوروں کو سزا

کارٹئیر تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جمعے کو پیرس میں ایک عدالت نے ڈومنیکا ویلاکا کو ان دونوں جرائم کا مرتکب ہونے پر 15 سال قید کی سزا سنائی

فرانسیسی عدالت نے پیرس کی معروف جیولری برینڈز کی دکانوں سے جواہرات چوری کرنے والے تین افراد کو 15 سال تک قید کی سزا سنائی ہے۔

پہلی ڈکیتی سنہ 2013 میں ہوئی تھی جب یہ جرائم پیشہ افراد لاکھوں یورو مالیت کے جواہرات ڈی بیئرز کی دکان سے لے اڑے تھے۔

اس کے ایک سال کے بعد ہی وہ معروف جیولری برینڈ کارٹیے کے ایک سٹور گئے جہاں ان کی کارروائی کا اختتام پولیس کے ساتھ مقابلے پر ہوا۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ ان دونوں وارداتوں میں مماثلت کی وجہ سے تفتیش کاروں نے اس سے قبل کیے جانے والے جرائم میں بھی دونوں افراد کو سزا دی ہے۔

جمعے کو پیرس میں ایک عدالت نے ڈومنیکا ویلاکا کو ان دونوں جرائم کے ارتکاب پر 15 سال قید کی سزا سنائی۔

سنہ 2014 کی ڈکیتی میں حصہ لینے والے 26 سالہ اسماعیلہ فوفانہ اور ان کے کزن یوسف فوفانہ کو سات سات سال قید کی سزا سنائی گئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ کیسے یوسف فوفانہ اور ڈومنیکا ویلاکا نے پیرس کے مرکز میں واقع ڈی بیئرز کی دکان میں سنہ 2013 میں ڈکیتی کی اور 30 لاکھ 30 ہزار پاؤنڈ کی جیولری ساتھ لے کر چلتے بنے۔ اس کارروائی میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا تھا۔

تاہم نومبر سنہ 2014 میں وہ کارٹیئر سٹور سے 80 لاکھ یورو کے زیورات لے کر جا رہے تھے کہ پولیس نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے بعد میں انھوں نے فرار ہونے کے لیے دکان پر موجود ایک ملازم کو مغوی بنا لیا۔

بعد ازاں پولیس نے ان کا پیچھا کرتے ہوئے انھیں ہتھیار ڈالنے پر مجبور کر دیا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں