’سٹیون پیڈک جواری اور سابق اکاؤنٹینٹ تھا‘

سٹیفن پیڈک تصویر کے کاپی رائٹ CBS News

امریکی ریاست لاس ویگس میں ایک کنسرٹ پر حملہ کرنے والا 64 سالہ مبینہ مسلح شخص سٹیون پیڈک ایک مالدار سابق اکاؤنٹینٹ تھا جو ریٹائرمنٹ کے بعد ویران جگہ پر رہائش پذیر تھا۔

حکام کے مطابق 64 سالہ سٹیون پیڈک کے پاس پائلٹ اور شکار کرنے کے لائسنس تھا تاہم اس کے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں تھا۔

سٹیون پیڈک کے ایک پرانے پڑوسی نے بتایا کہ وہ پیشہ ورانہ جواری اور ایک بڑا 'عجیب' قسم کا شخص تھا۔

لاس ویگس: کنسرٹ میں فائرنگ سے کم از کم 58 ہلاک، سینکڑوں زخمی

لاس ویگس: شہریوں پر فائرنگ، حملہ آور ہلاک

امریکہ: نائٹ کلب میں فائرنگ، 28 افراد زخمی

فلوریڈا فائرنگ کا مشتبہ حملہ آور گرفتار

ایک امریکی اہلکار نے خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ اس بات پر یقین کرنے کا امکان ہے کہ سٹیون پیڈک نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔

لاس ویگس کنسرٹ پر فائرنگ کا واقعہ جدید امریکی تاریخ کا سب سے مہلک ترین واقعہ ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس جون میں فلوریڈا کے ایک نائٹ کلب میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 49 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سٹیون پیڈک نے مینڈیلے بے ہوٹل اور کسینو سے باہر منعقد ہونے والے میوزک فیسٹیول میں شریک افراد پر اتوار کی رات فائرنگ کر کے کم سے کم 58 افراد کو ہلاک اور 500 سے زیادہ افراد کو زخمی کر دیا تھا۔

امریکی میڈیا کے مطابق مینڈیلے بے ہوٹل کی 32 ویں منزل جہاں سٹیون پیڈک نے جمعرات کی رات چیک ان کیا تھا سے 19 رائفلوں سمیت سینکٹروں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ CBS News

سٹیون پیڈک کے بھائی ایرک پیڈک نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کے والد بینک ڈکیتیوں میں ملوث رہے تھے اور ایف بی آئی کی سب سے زیادہ مطلوب فہرست میں تھے اور ایک بار جیل سے بھاگ گئے تھے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے سنہ 1969 میں جاری ہونے والے ایک پوسٹر کے مطابق پیٹرک پیڈک کو 'دماغی مریض' قرار دیا گیا تھا۔

ایرک پیڈک نے آر لینڈو میں واقع اپنےگھر سے باہر صحافیوں کو بتایا کہ ان کا خاندان اس واقعے میں ان کے بھائی سٹیفن پیڈک کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے بعد سکتے میں ہے۔

انھوں نے کہا 'اس کی کوئی وجہ نہیں، کوئی وجہ نہیں کہ اس نے یہ سب کیا ہے۔'

ایرک نے کہا 'وہ ایک ایسا شخص تھا جس نے ویڈیو پوکر بجایا اور کشتیوں میں گھوما۔'

انھوں نے صحافیوں کو بتایا 'میرے بھائی کو بندوقوں کا شوق نہیں تھا، نہ ہی ان کا فوج سے کوئی تعلق تھا۔‘

این بی سی نیوز کے مطابق سٹیون نے حال ہی میں جوئے کی دسیوں ہزاروں ڈالرز کی متعدد ٹرانزیکشن کیں لیکن یہ واضح نہیں تھا کہ یہ شرطیں جیتے تھے یا ہارے تھے۔

سٹیون کے دوسرے بھائی بروس پیڈک نے این بی سی کو بتایا کہ ان کا بھائی ملٹی ملین پراپرٹی سرمایہ کار تھا۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق سٹیون پیڈک کا گھر اچھا اور صاف ہے۔ ریکارڈ کے مطابق، وہ اپنی 62 سالہ خاتون دوست ماریلؤ ڈینیللے کے ساتھ رہتا تھا لیکن جب پولیس نے ان کی دوست کے بارے میں معلوم کیا تو انھیں پتہ چلا کہ وہ امریکہ سے باہر ہیں۔

سٹیون کے سابق پڑوسی، ڈائن میکک نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ وہ اور اس کی خاتون دوست ہمیشہ گھر میں بند رہتے تھے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں