امریکہ کو پاکستانی حکومت کے مستقبل کے بارے میں تشویش ہے: ریکس ٹلرسن

خواجہ آصف، ریکس ٹلرسن تصویر کے کاپی رائٹ EPA

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ امریکہ کو پاکستانی حکومت کے مستقبل کے بارے میں تشویش ہے۔

انھوں نے کہا: ’ہمیں پاکستان کی حکومت کے مستقبل کے بارے میں تشویش ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وہاں کی حکومت مستحکم ہو، پرامن ہو، اور کئی ایسے مسائل جن سے وہ نبردآزما ہیں وہ ہمارے مسائل بھی ہیں۔‘

امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا: ’ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے پاس موقع ہے کہ (امریکہ اور پاکستان کے) تعلق کو مضبوط بنایا جائے، ہم تمام سطحوں پر سخت محنت کریں گے، جن میں وزارتِ خارجہ، وزارتِ دفاع، انٹیلی جنس کمیونٹی، اور ساتھ ہی معاشی اور تجارتی مواقع بھی شامل ہیں۔‘

'کوئی شک نہیں آئی ایس آئی کے دہشت گردوں سے رابطے ہیں'

’دہشت گروں کو پناہ دینا پاکستان کے لیے نقصان دہ ہو گا‘

ٹلرسن نے مزید کہا کہ ’امریکہ کی نئی پالیسی تمام خطے کے بارے میں ہے اور میرے خیال سے پاکستان خطے کے طویل مدت استحکام کے لیے بےحد اہم ہے۔‘

واشنگٹن میں قائم پاکستان کے سفارت خانے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس ملاقات میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تمام دہشت گرد اور شدت پسند تنظیموں کے خلاف 'زیرو ٹالرینس' کی پالیسی جاری رکھے ہوئے بلا امتیاز کارروائیاں کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور خطے میں پائیدار امن و استحکام دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کر رہا ہے اور یہ اس لیے ممکن ہوا کیونکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اس مہم میں دہشت گرد اور شدت پسند گروپوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی جاری رکھتے ہوئے ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے۔

خواجہ آصف کے مطابق دوسرے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کہیں زیادہ رونما ہوئے جن سے اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں پر گہرا اثر پڑا ہے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق خواجہ آصف نے امریکی ہم منصب کو نئی امریکی پالیسی سے متعلق پاکستانی عوام کے ردعمل کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی اس پالیسی میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا پوری طرح اعتراف نہیں کیا گیا۔

پاکستان کو دہشت گرد ی کا کفیل ملک قرار دینے کا مطالبہ

’حقانی نیٹ ورک نہ ہمارے دوست ہیں نہ پراکسی‘

انھوں نے کہا کہ 'اس جنگ میں پاکستان کو صرف جانی و مالی نقصان ہی نہیں ہوا بلکہ افغانستان میں طویل عرصے سے غیر مستحکم صورت حال کے باعث ایک اعتدال پسند ریاست کے طور پر ہماری ثقافتی اخلاقیات بھی اس سے متاثر ہوئی۔'

خواجہ آصف نے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے افغان قیادت کی سربراہی میں افغان امن مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی پوزیشن کی بھی وضاحت کی۔ انھوں نے افغانستان کے حکومتی رٹ سے محروم علاقوں سے پاکستان میں حملوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

پاکستانی وزیر خارجہ نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ انڈیا کے زیرِ اہتمام کشمیر میں انڈین فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک کشمیر سمیت طویل عرصے سے جاری تمام تنازعات کا حل نہیں نکالا جاتا۔

ریکس ٹلرسن نے اتفاق کیا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے پاکستان اور امریکا کا تعاون ضروری ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمت عملی کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے جس کے لیے اس کے مفادات اور خدشات کا خیال رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان میں استحکام بھی اس حکمت عملی کا اہم جز ہے۔

پاک، امریکہ تعلقات سے متعلق بات کرتے ہوئے رک ٹلرسن نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات صرف افغانستان کے تناظر میں نہیں ہیں، ہمارے پاس باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا یہ اہم موقع ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو درپیش کئی مسائل دونوں ممالک کے لیے مشترکہ ہیں اور ان پر قابو پانے کے لیے ہمیں ہر شعبہ میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں