موت سے پہلے ماں کا بیٹی کے نام جذباتی خط

ہینا اپنی والدہ پیگی سمرس کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہHANNAH SUMMERS

،تصویر کا کیپشن

ہینا اپنی والدہ کے ہمراہ

ایک نوجوان امریکی لڑکی نے اپنی والدہ کا دلدوز خط شیئر کیا ہے جو انھوں نے مرنے سے قبل لکھا تھا۔

یہ خط سوشل میڈیا پر ہزاروں لوگوں کے دل کی زبان بن گیا ہے۔

پیگی سمرس گردے کے سرطان میں مبتلا تھیں اور انھوں نے یہ خط اپنی 18 سالہ بیٹی ہینا کے لیے امریکی ریاست انڈیانا میں اپنی وفات سے پہلے لکھا تھا۔

ہینا کے نام اس خط میں سکول اور رشتوں کے بارے میں مشورے شامل ہیں اور اسے ٹوئٹر پر 90 ہزار سے زیادہ بار شیئر کیا جا چکا ہے کیونکہ ان کے الفاظ دنیا بھر کے لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کرتے نظر آتے ہیں۔

یہ جذباتی خط اس طرح شروع ہوتا ہے: 'ہینا، اگر آپ یہ خط پڑھ رہی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ سرجری کامیاب نہیں رہی۔ مجھے افسوس ہے، لیکن میں نے اس موذی مرض کو شکست دینے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن میرا خیال ہے کہ خدا نے میرے لیے کوئی دوسرا کام منتخب کر رکھا ہے۔'

اس خط میں حنّا کے لیے سکول، لڑکوں اور اپنے والد کے ساتھ رشتے کے بارے میں نصیحتیں شامل ہیں: 'ابو کے ساتھ صبر کا مظاہرہ کرنا، یہ ان کے لیے مشکل وقت ہے اور انھیں اس سے نکلنے میں وقت لگے گا۔'

تم دونوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنے اور خوب بات کرنے کی ضرورت ہے، حالانکہ باتیں کرنا ہم لوگوں کی خاصیت نہیں ہے لیکن کوشش جاری رکھنی ہے، ہمت نہیں ہارنی ہے۔'

اور خط کے آخر میں پیگی اپنی بیٹی کو کہتی ہیں: 'جتنا ہو سکے اکثر لوگوں سے کہو کہ تم ان سے محبت کرتی ہو۔'

'زندگی کے مزے لو اور ہر دن کو اس طرح گزاروں جیسے وہ تمہار آخری دن ہو کیونکہ ہم میں سے کسی کو یہ نہیں معلوم کہ آج ہمارا آخری دن ہے۔ اور سب سے بڑھ کر اس بات کا دھیان رہے کہ میں تمہیں اتنا چاہتی ہوں کہ تم اسے کبھی جان ہی نہیں پاؤگی۔'

حنّا نے بی بی سی کو بتایا: 'خط پڑھنا بہت مشکل تھا۔ ہم سب نے اس خط کو اس رات پڑھا جس روز ماں کا انتقال ہوا تھا۔ سب کچھ بہت جذباتی تھا۔

خط

،تصویر کا ذریعہHANNAH SUMMERS

'حالانکہ یہ بہت سخت تھا لیکن اس سے بہت سکون بھی ملا۔ ان کے خط سے یہ سمجھنے میں مدد ملی کہ سخت سے سخت حالات میں بھی وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ہیں۔'

ہزاروں لوگوں نے پیگی کے دانشوری سے پر خط پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں

ایک فیس بک صارف نے لکھا: 'ایک سال قبل میں نے اپنے والد کو کھو دیا۔ انھوں نے ہمارے لیے آخری بات یا کوئی خط نہیں چھوڑا۔ لیکن میرا خیال ہے کہ وہ ایسا ہی کچھ لکھتے۔'

خط

،تصویر کا ذریعہHANNAH SUMMERS

ٹوئٹر پر ایک صارف نے لکھا: 'گذشتہ سال میری ماں بھی گزر گئی۔ انھوں نے بھی مرنے سے قبل اسی طرح کا ایک خط لکھا تھا۔ میں اسے ہر دن سجا کر رکھتا ہوں۔ تمہارے نقصان پر افسوس ہے، ہمت سے کام لو۔'

ایک دوسرے نے لکھا: 'میری والدہ سنہ 2004 میں گزر گئيں۔ یہی سچائی ہے۔ جب تک وہ زندہ ہیں ان کے گلے لگتے رہو، ان سے محبت کرتے رہو۔'

حنّا اپنی والدہ پیگی سمرس کے ساتھ

،تصویر کا ذریعہHANNAH SUMMERS

،تصویر کا کیپشن

علاج کے دوران ہینا نے اپنی والدہ پیگی سمرس کے ساتھ اپنی تصویر سنیپ چیٹ پر پوسٹ کی تھی

ہینا نے بتایا کہ اتنے سارے ردعمل سے میں فرط جذبات سے مغلوب ہوں۔ انھوں نے کہا: 'میں اس خط کو سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن جتنی بار اسے پڑھتی مجھے یہ خیال آتا کہ اسے پوسٹ کرنا چاہیے۔

'مجھے خوشی ہے کہ میری ماں کی باتوں نے اتنے سارے لوگوں کے دل کو چھوا۔ زندگی بہت قیمتی ہے اور ہم اپنی یا اپنے پیاروں کی زندگی کی گارنٹی نہیں لے سکتے۔'