’سعد حریری کے استعفے کا مقصد خطے میں کشیدگی بڑھانا ہے: ایران

سعد حریری تصویر کے کاپی رائٹ EPA

ایران نے کہا ہے کہ لبنان کے وزیرِ اعظم سعد حریری کا اچانک مستعفی ہونے کا اعلان خطے میں کشیدگی بڑھانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک مشیر نے امریکہ اور سعودی عرب پر اس اقدام کے پیچھے ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر حسین شیخ الاسلام کا کہنا ہے کہ سعد حریری کا استعفیٰ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔

اسی بارے میں مزید پڑھیے

لبنانی وزیر اعظم کا ’جان کے خطرے‘ کی وجہ سے استعفیٰ

حریری قتل: حزب اللہ کے ارکان پر الزام

ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے وزارتِ خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کے حوالے سے بتایا یہے کہ سعد حریری کی روانگی کا مقصد لبنان اور خطے میں کشیدگی بڑھانا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعد حریری نے 'غیر حقیقی اور بے بنیاد الزامات' کو بار بار دہرایا اور انھوں نے 'ان لوگوں کو جو خطے کو بیمار کرنا چاہتے ہیں' کا ساتھ دیا۔

سعد حریری کا خاندان سعودی عرب کے قریب ہے۔ وہ سنہ 2009 سے 2011 تک لبنان کے وزیراعظم رہے تھے جبکہ گذشتہ برس نومبر میں بھی انھوں نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا۔

لبنانی وزیرِ اعظم ’جان کے خطرے‘ کی وجہ سے

خیال رہے کہ لبنان کے وزیرِاعظم سعد حریری نے اپنی زندگی کو لاحق خطرات کی وجہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ایران پر شدید تنقید کی تھی۔

سعد حریری نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ ایک نیوز کانفرنس میں اچانک مستعفی ہونے کا اعلان کر کے سب کو حیرت زدہ کر دیا تھا۔

سعودی عرب کے ٹیلی ویژن سے نشر کردہ تقریر میں سعد حریری نے ایران پر لبنان سمیت کئی ممالک میں 'خوف' اور 'تباہی' کے بیچ بونے کا الزام عائد کیا تھا۔

سعد حریری کے والد رفیق حریری سنہ 2005 میں ایک کار بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے تھے اور اس کے بعد ملک میں شروع ہونے والے سیڈر انقلاب یا انقلاب دیار میں پرتشدد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سعد حریری کے اچانک مستعفی ہونے سے لبنان نئے سیاسی بحران میں آ گیا ہے اور اس بات کے خدشات بڑھ گئے ہیں کہ وہ شیعہ ایران اور سنی سعودی عرب کے درمیان علاقائی رقابت کا مورچہ نہ بن جائے۔

سعد حریری نے حالیہ دنوں سعودی عرب کے متعدد دورے کیے ہیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں