میں اوپرا کو شکست دوں گا، مقابلے میں مزا آئے گا: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

اوپرا، ٹرمپ تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

امریکی ٹاک شوز کی ملکہ سمجھی جانے والی اوپرا ونفری کے آئندہ صدارتی مہم میں حصہ لینے کی خبروں پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اوپرا کے ساتھ مقابلہ دلچسپ ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اوپرا ونفری کو وائٹ ہاؤس میں کھانے کی دعوت دینے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔

خیال رہے کہ اتوار کو گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں معروف امریکی اداکارہ اوپرا ونفری کی آئندہ صدارتی انتخابات کی مہم میں حصہ لینے کی بات چلی اور اس موقع پر تقریب کے دوران ان کی تقریر کے مواد اور انداز نے بھی اس قسم کی اطلاعات کو تقویت پہنچائی۔

یہ بھی پڑھیے

کیا اوپرا ونفری اگلی صدارتی امیدوار ہیں؟

75ویں گولڈن گلوب میں سب نے سیاہ لباس کیوں پہنے؟

ٹرمپ پر ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر

اوپرا ونفری ایک عرصے تک امریکہ میں ٹاک شوز کی ملکہ رہیں اور انھوں نے فلم سازی کے ساتھ اداکاری بھی کی اور اب وہ ایک کیبل ٹی وی چینل چلاتی ہیں۔

انہیں دنیا کی سب سے زیادہ با اثر خواتین میں شمار کیا جاتا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

امریکی صدر نے سینیٹررز سے امیگریشن کے معاملے پر ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ 'ہاں میں اوپرا کو شکست دوں گا۔'

صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ نے بھی اوپرا ونفری کی گولڈن گلوب ایوارڈز میں کی جانے والی تقریر کی تعریف کی۔

صدر ٹرمپ نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ ’ونفری کے خلاف مہم میں بہت مزا آئے گا‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میں نے ان کا آخری شو کیا ہے۔ گذشتہ ہفتے ان کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کا خاندان تھا۔'

'میں اوپرا کو پسند کرتا ہوں مگر میرا خیال نہیں کہ وہ اس دوڑ میں شامل ہونے جا رہی ہیں۔ میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں۔'

دو دہائی قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی این این پر ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر کبھی انھوں نے صدارتی دوڑ میں حصہ لیا تو وہ مس ونفری کو اپنی رننگ میٹ بنائیں گے یعنی وہ ایک ہی ٹکٹ پر ان کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

صدر ٹرمپ نے سنہ 1999 میں لیری کنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'اوپرا، مجھے اوپرا سے محبت ہے۔ وہ ہمیشہ میری پہلی خواہش رہیں گی۔'

'اگر وہ ایسا کریں گی تو یہ بہت زبردست ہوگا۔ میرا مطلب ہے کہ وہ مشہور ہیں۔ وہ بہت شاندار ہیں، وہ ایک حیران کن خاتون ہیں۔'

سنہ 2015 میں جب صدر ٹرمپ نے صدارتی مہم میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا تو اسی ہفتے کے اندر انھوں نے ایک بار پھر کہا تھا کہ ونفری ان کی سب سے پہلی ترجیح ہوں گی۔

'میرا خیال ہے اوپرا بہترین ہوں گی۔ مجھے ان کا ساتھ اچھا لگے گا۔ دراصل میرا خیال ہے کہ ہم باآسانی جیت جائیں گے۔'

اس سے پہلے منگل کو ونفری کی دوست گیل کنگ نے کہا تھا کہ وہ ابھی صدارتی دوڑ میں شامل نہیں ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرا خیال ہے کہ انھیں اس معاملے میں دلچسپی ہے، میرا خیال ہے۔‘

ناقدین کا کہنا ہے کہ مسٹر ٹرمپ کی بیٹی کا مِس ونفری کی جانب سے خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف 'ٹائمز اپ' مہم کی حمایت کرنا اور دوسری جانب ان کا اپنے والد کے ساتھ ہونا دونوں زیادہ دیر ساتھ نہیں چل سکتا۔

اسی بارے میں