میزائل حملے کی غلط تنبیہہ، ہوائی میں افراتفری

پیغام تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption مندرجہ بالا پیغام ہوئی کے رہائیشیوں کے موبائل فون پر آیا تھا

امریکی ریاست ہوائی میں سنیچر کی صبح میزائل داغے جانے کے انتباہ پر رہائیشیوں میں اس وقت تک افرا تفری رہی جب تک کہ یہ اعلان نہ کیا گیا کہ غلط انتباہ جاری کر دیا گیا تھا۔

موبائل فون صارفین کو ایک میسیج آیا جس میں یہ لکھا تھا کہ 'بیلسٹک میزائل ہوائی کی جانب آ رہا ہے۔ فوراً چھپ جائيں۔ یہ کوئی ڈرل نہیں ہے۔'

ریاست کے گورنر ڈیوڈ آئیگے نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ملازم کے غلط بٹن دبا دینے کے سبب ہوا جبکہ امریکی حکومت نے کہا ہے کہ اس کے متعلق مکمل تفتیش ہوگی۔

خیال رہے کہ ہوائی میں انتباہ کا ایک نظام نصب ہے کیونکہ یہ شمالی کوریا کے میزائل کی رینج سے بہت قریب ہے۔

دسمبر میں سرد جنگ کے بعد سے پہلی بار ریاست میں جوہری وارننگ کے سائرن کا تجربہ کیا گيا تھا۔

غلط وارننگ کا میسیج لوگوں کے موبائل فون کے ساتھ ٹی وی اور ریڈیو سٹیشن سے بھی نشر ہوا۔ فون پر پہنچنے والا پیغام بڑے حروف میں تھا اور یہ مقامی وقت کے مطابق صبح 08:07 منٹ پر بھیجا گیا تھا۔

ہونولولو سٹار ایڈورٹائزر نے بتایا کہ 18 منٹ بعد اس کو درست کیا گیا لیکن موبائل پر 38 منٹ تک کوئی اپ ڈیٹ نہیں تھی۔

گورنر آئیگے نے کہا کہ ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (ای ایم اے) میں تین شفٹ میں کام کرنے والے افراد سے یہ غلطی ہوئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ INSTAGRAM/@SIGHPOUTSHRUG VIA REUTERS
Image caption اوآہو میں غلط الارم کے بعد یہ پیغام نظر آیا جس میں کہا گیا کہ کوئی خطرہ نہیں ہے

انھوں نے کہا: 'ہر شفٹ کی تبدیلی پر یہ معمول ہے کہ تمام نظام کی جانچ کی جاتی ہے کہ آیا وہ کام کر رہا ہے۔ اور ایک ملازم نے غلط بٹن دبا دیا۔'

ای ایم اے کے ناظم ورن میاگی نے کہا: 'یہ غلطی بے دھیانی کے سبب ہوئی۔ شفٹ کی تبدیلی کے وقت تین لوگ تھے ۔۔۔ اور یہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔'

ریڈیو اور ٹی وی پر جاری نشریات کے درمیان ایک ریکارڈ شدہ ایمرجنسی پیغام پڑھا گیا جس میں لوگوں سے گھروں کے اندر رہنے کے لیے کہا گیا۔

اس کے بعد ہر شخص کی مختلف کہانی ہے جو جہاں تھا وہیں چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ہوآئی میں صبح کا منظر

ہوائی ایوان نمائندہ گان کے رکن میٹ لوپریسٹی نے کہا کہ جب ان کے فون پر الرٹ آیا تو وہ گھر پر تھے اور انھوں نے اپنے بچوں کے ساتھ باتھ ٹب میں پناہ حاصل کی تھی۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ اس غلط انتباہ کے وقت صدر ٹرمپ فلوریڈا میں تھے اور انھیں اس کے بارے تفصیل دی گئی۔

ہوائی کے ڈیموکریٹ سینیٹر میزی ہیرونو نے کہا: 'آج کا انتباہ غلط تھا۔ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اس زمانے میں ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ تمام معلومات درست ہوں۔۔۔ ہمیں اس بات کی یقین دہانی کرنی ہوگی کہ مستقبل میں پھر ایسا کبھی نہ ہو۔'

اسی بارے میں