ایک پرندے کا عشق: 'میں تو مر کر بھی میری جان تجھے چاہوں گا'

سفید قاز تصویر کے کاپی رائٹ FRIENDS OF MANA ISLAND

نیوزی لینڈ کے ایک جزیرے پر ایک سفید قاز کو اس کے ساتھی کی مورت کے پاس مردہ پایا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے مانا جزیرے پر سفید قازوں سمیت دیگر پرندوں کی آمد کو یقینی بنانے کے لیے حکام نے پرندوں کی ایک مصنوعی کالونی تیار کر رکھی تھی جس میں سیمنٹ سے بنے 80 سفید قازوں کی مورتیاں تھیں۔

نائیجل نامی یہ سفید قاز تقریباً پانچ برسوں سے مانا جزیرے پر رہ رہا تھا اور ایک مصنوعی سفید قاز سے اسے بظاہر محبت ہوگئی تھی جس کی وجہ سے وہ یہ جزیرہ چھوڑ کر نہیں جاتا تھا۔

جزیرے پر سفید قازوں کے تحفظ کرنے والے رینجر کرس بیل نے گذشتہ ہفتے نائیجل کو مردہ پایا۔ انھوں نے کہا کہ اس کی موت 'انتہائی افسوسناک ہے۔'

انھوں نے کہا: 'ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ ایک کہانی کا غلط خاتمہ ہے۔'

نائیجل کو اس کے غیر متحرک کنکریٹ کے پارٹنر کے پاس مردہ پایا گیا۔ اس قسم کے مصنوعی قاز کے گروہ مانا جزیرے پر قازوں کو لبھانے اور انھیں وہاں متوجہ کرنے کے لیے جگہ جگہ بنائے گئے ہیں۔

رضاکار اور ماحولیات کے ماہرین سفید قاز کے بارے میں تحقیق کے دوران نائیجل پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق نائیجل نے جھاڑیوں اور درختوں کی ٹہنیوں کی مدد سے اس مصنوعی قاز کے لیے ایک گھونسلہ بھی بنایا تھا جو کہ قازوں میں محبت کی ایک نشانی ہے۔ یہ سلسلہ سنہ 2013 سے جاری تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ FRIENDS OF MANA ISLAND

جمعرات کو ایک فیس بک پوسٹ میں 'فرینڈز آف مانا آئی لینڈ' نے لکھا کہ نائیجل نے ان کے اراکین اور جزیرے کا دورہ کرنے والوں کا 'دل جیت لیا تھا۔'

اس گروپ کا کہنا ہے کہ حال ہی میں 'کرسمس سرپرائز' کے طور پر جزیرے پر تین دوسرے سفید قاز آئے۔

انھوں نے نائیجل کی موت پر ایک نظم پوسٹ کی اور لکھا : 'بغیر ساتھی والے' نائیجل پرسکون نیند لیں۔'

انھوں نے یہ بھی لکھا: 'ہمیں امید ہے کہ آپ کو وہاں آپ کا اصل ساتھی مل جائے گا۔'

گارڈین اخبار کی رپورٹ کے مطابق کرس بیل نے کہا کہ حال میں نئے قازوں کے آنے کے باوجود نائیجل کی محبت 'یوں ہی نہیں تھی۔'

'وہ تنہا تھا یا نہیں لیکن یہ ضرور ہے کہ اسے بدلے میں کبھی کچھ نہیں ملا اور یہ بہت عجیب تجربہ رہا ہوگا۔ میرے خیال سے ہم سب کے دل میں اس کے لیے ہمدردی کا جذبہ ہے کیونکہ اس کے حالات بہت مایوس کن تھے۔'

نئے قازوں کی آمد کے باوجود وہ اپنے ساتھی کی مورت سے جدا نہیں ہو پایا اور اس کے ایفائے عہد کی تصدیق اس مورت کے سامنے اس کی موت سے ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں