برطانیہ کے ’روسی جاسوس‘ نامعلوم مواد سے زخمی

Sergei Skripal speaks to his lawyer from behind bars seen on a screen of a monitor outside a courtroom in Moscow. تصویر کے کاپی رائٹ Associated Press
Image caption کرنل سکرپیل روس کی فوج میں انٹیلیجنس آفیسر تھے اور 2006 میں برطانیہ کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم میں انھیں 13 سال کی قید ہوئی تھی

بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ برطانیہ کے علاقے ولیٹ شائر میں نامعلوم مواد سے شدید زخمی ہونے والا شخص برطانیہ کے لیے جاسوسی کرنے والا روسی شہری ہے۔

66 سالہ سرگئے سکرپیل کو امریکہ اور روس کے مابین 2010 میں طے پانے والے 'جاسوس تبادلہ' معاہدے کے تحت برطانیہ میں پناہ دی گئی تھی۔

وہ اور اُن کے ساتھ ایک بیٹی اتوار کو شاپنگ سینٹر کے بینچ پر بے ہوش پائے گئے تھے۔ جس کے بعد پولیس نے ’احتیاطی تدبیر‘ کے طور پر وہ ریسٹورینٹ بھی بند کروا دیا ہے۔

سرگئے سکرپیل اور اُن کے ساتھ موجود اُن کی بیٹی کس چیز سے بے ہوش ہوئے اس کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے لیکن مرکزِ صحت عامۂ کا کہنا ہے کہ اس سے عام عوام کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یہ دونوں افراد ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے مرکز میں زیر علاج ہیں۔

ولیٹ شائر پولیس اس واقعے کی کسی جرم کے ارتکاب کی نوعیت سے بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کے جسم پر بظاہر کسی زخم کے نشانات نہیں ہیں لیکن وہ مالٹینگ شاپنگ سینٹر میں بے ہوش پائے گئے۔

برطانیہ میں اس واقعے کو 'اہم حادثاثہ' قرار دیا گیا ہے اور ایجنسیاں مختلف زاویوں سے اس کی تحقیقات کر رہی ہیں۔

تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ اس واقعے کو انسدادِ دہشت گردی سے منسلک نہیں کیا گیا ہے۔

کرنل سکرپیل روس کی فوج میں انٹیلیجنس آفیسر تھے اور 2006 میں برطانیہ کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم میں انھیں 13 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

اُن پر یورپ میں خفیہ مشن پر کام کرنے والی روسی ایجنٹس کی معلومات برطانیہ کی خفیہ ایجنسی MI6کو فراہم کرنے کا الزام تھا۔

روس کا کہنا تھا کہ یہ معلومات نوے کی دہائی میں دی گئی اور برطانیہ نے کرنل سکرپیل کو معلومات فراہم کرنے پر ایک لاکھ ڈالر دیے تھے۔

انھیں امریکہ اور روس کے مابین 2010 میں طے پانے والے 'جاسوسوں کے تبادلے کے معاہدے' کے تحت رہا کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت روس نے دس امریکی جاسوس رہا کیے تھے جبکہ ماسکو نے چار قیدیوں کو رہا کیا تھا۔

کرنل سیکرپیل بعد میں برطانیہ آ گئے تھے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں