امریکہ: میامی میں زیر تعمیر پل گر گیا، چھ افراد ہلاک

Emergency personnel works on a collapsed pedestrian bridge on the Florida International University in Miami, Florida. تصویر کے کاپی رائٹ EPA

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں پیدل سڑک عبور کرنے کے لیے نصب کیا گیا زیر تعمیر پل گر گیا ہے اور اس واقعے میں کم سے کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں اور دس سے زیادہ زخمی ہیں۔

یہ پل میامی میں فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی میں نصب کیا گیا تھا جس کا مقصد یونیورسٹی کو ہاسٹل سے ملانا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں پل کے ڈھانچے کو سڑک پر پڑا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

میامی میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ادارے کے انچارج نے کم سے کم چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

فلوریڈا ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کا کہنا ہے کہ ملبے کے نیچے دبنے والی آٹھ گاڑیوں میں موجود افراد کی تعداد معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

امدادی کارکن ملبے کے نیچے دبے افراد کو نکالنے کو کوشش کر رہے ہیں۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ اب تک کم سے کم دس زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ دو افراد کو ملبے کے نیچے سے نکالا گیا ہے اور اُن کی حالت ’تشویشناک‘ ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

امریکی سینیٹر بل نیلسن نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ اس واقعے میں چھ سے دس افراد ہلاک ہوئے ہیں لیکن مقامی انتظامیہ نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ گاڑیوں سے آنے والی چیخیں 'ہولناک' تھیں۔

ٹیاونا پیج نے کہا کہ 'جیسے ہی میں نے باہر دیکھا، ہر طرف گرد اڑ رہی تھی، مجھے معلوم ہوا کہ پل گر گیا ہے۔'

ادھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ اس حادثے سے آگاہ ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو درکار معاون بھجوایں گے۔

861 ٹن وزرنی پل کو گذشتہ ہفتے ہی نصب کیا گیا تھا۔

طالب علموں کی درخواست کے بعد پیدل سڑک عبور کرنے والوں کے لیے نصب کیے گئے اس پل کے ذریعے یونیورسٹی اور ہوسٹل کو ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا ہے۔

فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلبہ کو ہائی وے عبور کر کے ہوسٹل میں جانا پڑتا ہے۔ اس سے قبل اگست 2013 میں گاڑی کی ٹکر سے ایک طالبِ علم ہلاک بھی ہو گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ CBS

پل بنانے والی تعمیراتی کمپنی نے اپنی ٹویٹ میں اس حادثے سے متاثر ہونے والوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

کمپنی نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 'ہم اس بارے میں مکمل تحیقات کریں گے کہ غلطی کہاں ہوئی ہے۔'

کیبل سے منسلک کیے گئے 174 فٹ طویل پل کا افتتاح 2019 میں ہونا تھا۔ اس کی تعمیر پر ایک کڑوڑ 42 لاکھ ڈالر لاگت آئی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں