جنوبی افریقہ کی ونی منڈیلا چل بسیں

ونی منڈیلا

جنوبی افریقہ کی نسل پرستی کے خلاف جدوجہد کرنے والی رہنما ونی منڈیلا 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

یہ خبر ان کے اسسٹنٹ نے دی ہے۔

ونی مادِکیزیلا منڈیلا سابق جنوبی افریقہ صدر نیلسن منڈیلا کی سابق اہلیہ تھیں۔

یہ جوڑا جنوبی افریقہ کی اس وقت کی نسل پرستانہ حکومت کے خلاف طویل جدوجہد کی علامت بن گیا تھا۔

تاہم بعد کے برسوں میں ونی کی شہرت قانونی اور سیاسی طور پر داغ دار ہونا شروع ہو گئی تھی۔

خاندان کے ترجمان وکٹر دلامینی نے ایک بیان میں کہا: 'وہ طویل عرصے علالت کے بعد فوت ہوئی ہیں، اور وہ اس سال کی ابتدا ہی سے ہسپتال آ جا رہی تھیں۔

'ان کی موت پیر کی سہ پہر پرسکون انداز میں ہوئی، اور ان کے خاندان والے اور عزیز ان کے گرد موجود تھے۔'

ونی منڈیلا 1936 میں ایسٹرن کیپ میں پیدا ہوئی تھیں۔

1950 کی دہائی میں ان کی نیلسن منڈیلا سے ملاقات ہوئی تھی۔ اس وقت وہ سوشل ورکر کی حیثیت سے کام کر رہی تھیں۔

ان کی شادی 38 برس تک قائم رہی، تاہم اس دوران تین عشروں تک منڈیلا پابندِ سلاسل رہے۔

1996 میں دونوں کی طلاق کے باوجود ونی نے منڈیلا کا نام اپنے ساتھ جوڑے رکھا اور منڈیلا کے مرنے تک ان کے ساتھ تعلق ختم نہیں کیا۔