’شمالی کوریا جوہری پروگرام پر گفتگو کرنے کے لیے تیار‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے وعدہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کی ملاقات میں وہ امریکہ سے اپنے جوہری ہتھیار اور ان کے مستقبل کے بارے میں بات کرے گا۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کی تیاریاں خفیہ رکھی جا رہی ہیں اور اس کی تاریخ، مقام اور دیگر تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ شمالی کوریا اور امریکی حکام کی اس ملاقات کے حوالے سے کئی دفعہ گفتگو ہوئی ہے اور وہ کسی تیسرے ملک میں مل بھی چکے ہیں۔

امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین کشیدگی کے بارے میں مزید پڑھیے

ٹرمپ الفاظ کا انتخاب احتیاط سے کریں: چین

’شمالی کوریا امریکہ کے لیے حقیقت میں ایک بڑا جوہری خطرہ‘

امریکہ کا شمالی کوریا پر سخت پابندیاں لگانے پر غور

امریکہ کو جواب، شمالی کوریا میں سفارت خانہ رہے گا

دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے پہلی ملاقات مئی میں متوقع ہے اور اس سے قبل کبھی بھی کسی حاضر امریکی صدر نے شمالی کوریائی سربراہ سے ملاقات نہیں کی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کو کئی بار یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کو ختم کرنے کے بارے میں بات چیت کرنے کو تیار ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ ایسی یقین دہانی امریکہ کو کرائی گئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کی ملاقات کی خبر مارچ میں سامنے آئی تھی اور وہ عالمی برادری کے لیے نہایت حیران کن تھی۔ واضح رہے کہ اس خبر کے آنے سے ایک سال قبل تک ان دونوں کے درمیان لفظی جنگ جاری تھی جس میں دونوں نے ایک دوسرے کی ذات پر حملے کیے اور دھمکیاں دیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

یاد رہے کہ شمالی کوریا ماضی میں اپنے جوہری ہتھیار اور میزائل کے تجربات بند کر چکا ہے لیکن اپنے مطالبات کی نامنظوری پر انھیں دوبارہ شروع کر دیا تھا۔

دوسری جانب شمالی کوریا کی جانب سے ایسا کوئی پیغام نہیں آیا ہے جہاں انھوں نے اس ملاقات کی تصدیق کی ہو۔

لیکن دونوں ممالک کے حکام کی ملاقاتوں سے یہ واضح ہے کہ تیاریاں جاری ہیں۔

گذشتہ ماہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے 2011 میں ملک کی سربراہی سنبھالنے کے بعد پہلی بار غیر ملکی دورہ کیا جب وہ چین گئے اور وہاں کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔

چین شمالی کوریا کا مرکزی اقتصادی ساتھی ہے اور یہ بہت ممکن ہے کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما امریکی صدر سے ملاقت سے قبل چین لیڈرشپ سے مشورہ لیں۔

شمالی کوریا اور امریکہ کی ملاقات کرانے میں مرکزی کردار جنوبی کوریا نے ادا کیا ہے۔

اسی بارے میں