جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک دنیا کو دھمکا رہے ہیں: اردوغان

اردوغان تصویر کے کاپی رائٹ AFP

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے جوہری ہتھیار کے حامل ممالک پر الزام لگایا ہے کہ وہ دنیا کو دھمکا رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی انھوں نے امریکہ کو ایران جوہری معاہدے سے نکلنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

رجب طیب اردوغان نے کہا کہ 'جن ممالک کے پاس 15 ہزار سے زائد جوہری ہتھیار ہیں وہ اس وقت دنیا کو دھمکا رہے ہیں۔'

ان کا اشارہ دنیا بھر کے مجموعی جوہری ہتھیاروں کی جانب تھا جس میں سے زیادہ تر امریکہ اور روس کے پاس ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’جوہری معاہدہ ختم کرنے پر امریکہ کو پچھتاوا ہو گا‘

ترکی اور امریکہ باہمی اختلاف ختم کرنے پر متفق

بظاہر ایران جیسے ممالک کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'جوہری ہتھیار سے لیس ممالک انھیں کیوں دھمکا رہے ہیں۔'

انھوں نے افطار کے ساتھ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا: 'اگر ہم انصاف کی بات کریں اور منصفانہ رویہ اختیار کریں تو جوہری ہتھیار سے لیس ممالک کا یہ کہنا کہ جوہری پاور سٹیشن خطرہ ہیں تو ان کا بین الاقوامی برادری کے سامنے کوئی اعتبار نہیں رہ جاتا۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/@akpartyenglish
Image caption ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے نوجوانوں اور ایتھلیٹ کے لیے ایک افطار عشائیے کی ایوان صدر میں دعوت دی تھی

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر اردوغان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کو تمام طرح کے جوہری ہتھیار سے پاک کرنا ہوگا۔ بظاہر ان کا اشارہ اسرائیل کی جانب تھا کیونکہ اس علاقے میں یہی وہ واحد ملک ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔

خیال رہے کہ دس دن قبل امریکی صدر نے ایران کے ساتھ چھ ممالک کے جوہری معاہدے سے خود کو علیحدہ کر لیا تھا۔ اس معاہدے کا مقصد ایران کی جوہری سرگرمیوں پر لگام لگانے کے عوض اس پر عائد پابندیاں ختم کرنا تھا۔

لیکن امریکہ ایران پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنا چاہتا ہے۔ پیر کو امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے ایران سے کہا کہ وہ شام کی خانہ جنگی سے اپنے آپ کو علیحدہ کر لے۔

یہ بھی پڑھیے

ایران پر مزید امریکی دباؤ، پاسدارانِ انقلاب نشانے پر

امریکہ شام میں کرد ملیشیا کی پشت پناہی بند کرے: ترکی

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter/@akpartyenglish

ایران نے واشنگٹن کی دھمکی کو مسترد کر دیا ہے۔ ایران کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ امریکہ ایران میں 'حکومت تبدیل کرنا چاہتا ہے۔'

خیال رہے کہ جوہری معاہدے سے امریکہ کا علیحدہ ہونا ترکی کے نیٹو کے رکن کے طور امریکہ سے روابط میں مزید تلخی کا باعث بنا ہے۔ اس سے قبل امریکہ کی 'شام پالیسی' اور امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کے صدر ٹرمپ کے فیصلے پر ترکی میں ناراضی پائی جاتی ہے۔

صدر اردوغان نے کہا 'جہاں تک ترکی کا سوال ہے ہم ایران کے جوہری معاہدے جسے سلا دیا گیا ہے سمیت دوسرے مسائل کو پھر سے بھڑکانا نہیں چاہتے۔ امریکی انتظامیہ کے فیصلے کے باوجود مثبت بات یہ ہے کہ معاہدے کے دوسرے دستخط کنندگان اس معاہدے کا پاس رکھ رہے ہیں۔'

اسی بارے میں