تجارتی جنگ پر چین کی امریکہ کو سخت تنبیہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

چین نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے تجارتی پابندیوں اور نئے درآمدی محصولات کو نافذ کرنے پر اصرار کیا تو دونوں ملکوں کےمابین تجارتی مذاکرت کا کوئی فاہدہ نہیں ہو گا۔

چین کی طرف سے یہ بیان امریکہ کے وزیر تجارت کے چین کے دورے کے دوران مذاکرت کے بعد سامنے آیا ہے۔

امریکہ نے کچھ روز پہلے ہی چینی مصنوعات پر پچاس ارب ڈالرکے اضافی محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

ادھر جی سیون ممالک نے بھی امریکہ کی جانب سے ایلومینیم اور سٹیل پر درآمدی محصولات میں اضافے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

فرانس کے وزیر مالیات برونو لی مائر نے امریکہ کی جانب سے سٹیل اور ایلومینیم پر پابندیوں پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی جنگ شروع ہونے میں وقت نہیں لگتا اور یہ دنوں میں شروع ہو سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے سنیچر کے روز اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ دوسرے ممالک برسوں سے امریکہ کو لوٹ رہے ہیں اور اب ہوشیار ہونے کا وقت آ گیا ہے۔

امریکہ اور چین کی تجارتی جنگ کے نتائج کیا ہوں گے؟

چین کا امریکہ کو جواب:’کہیں بھی فوج تعینات کر سکتے ہیں‘

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سٹیل کی درآمد پر محصولات کے اضافے سے امریکہ کی سٹیل کی صنعت کو فاہدہ پہنچے گا۔ انھوں نے کہا کہ سٹیل کی صنعت قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔

صدر ٹرمپ نے یورپ اور دوسرے ممالک کی جانب سے امریکی کمپنیوں پر عائد پابندیوں پر بھی شکایت کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مسٹر راس اور مسٹر لی نے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی عدم توازن کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کیے

چین نے امریکی وزیر تجارت سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے بیان میں اجلاس میں ہونے والی کسی کارروائی کا تو ذکر نہیں کیا البتہ پچھلے ماہ واشنگٹن میں ہونے والے تجارتی مذاکرات کو نافذ کرنے پر زور دیا جس میں زرعی اور توانائی کے معاملات میں تعاون کی بات کی گئی تھی۔

چین کی سرکاری خبررساں ادارے زینوا نے ایک علیحدہ بیان نشر کیا ہے جس میں تجارتی جنگ سے بچنے کے لیے دنوں فریقین کو برابر کا حصہ ڈالنے کی بات کی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ چین اپنی اصلاحات اور اپنی منڈیوں کو کھولنے کی پالیسی پرگامزن رہے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر امریکہ نے تجارتی پابندیاں عائد کیں تو دونوں ملکوں کے مابین ہونے والی بات چیت اور طے پانے والے معاہدے بے معنی ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں