صدر ٹرمپ کی پلے بوائے ماڈل کو رقم دینے کی گفتگو ریکارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ مائیکل کوہن کو ماڈل کیرن میکڈوگل کو پیسے دینے کے بارے میں بات کر رہے تھے

امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق وکیل مائیکل کوہن نے صدر ٹرمپ کی وہ گفتگو ریکارڈ کی ہے جن میں وہ میگزین 'پلے بوائے' کی ایک ماڈل کو رقم کی ادائیگی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

اس گفتگو کے ٹیپس چند ماہ قبل امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے نیو یارک میں مائیکل کوہن کے گھر چھاپے کے دوران برآمد کی تھیں۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق اس گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ مائیکل کوہن کو ماڈل کیرن میکڈوگل کو پیسے دینے کے بارے میں بات کر رہے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ٹیپ نومبر 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات سے دو ماہ قبل ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

وکیل کے دفتر پر چھاپہ ٹرمپ کے لیے کتنا خطرناک

صدر ٹرمپ کے وکیل کا پورن سٹار پر دو کروڑ ڈالر کا دعویٰ

ٹرمپ کے وکیل کا اعتراف کہ پورن سٹار کو پیسے دیے تھے

واضح رہے کہ ماڈل کیرن میکڈوگل نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ معاشقہ تھا۔ انھوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کا معاشقہ 2006 میں دس ماہ تک جاری رہا تھا جب ان کی میلانیا ٹرمپ سے شادی کو ایک سال ہو چکا تھا۔

مائیکل کوہن پر ابھی تک فرد جرم عائد نہیں ہوئی ہے لیکن ان سے تفتیش جاری ہے اور یہ جاننے کے کوشش کی جا رہی ہے کہ کیا انھوں نے بینک اور ٹیکس میں کوئی دھوکہ دہی اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی ہے۔

مائیکل کوہن کے وکیل لینی جے ڈیوس نے جمعے کو جاری کیے گئے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ 'یہ کہنا کافی ہوگا کہ ٹیپ ریکارڈنگ میں شامل مواد سے مائیکل کوہن کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔'

یاد رہے کہ انتخابات سے پہلے ماڈل کیرن میکڈوگل نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوست کے جریدے نیشنل انکوائرر کو اپنی کہانی فروخت کی تھی اور کہا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کے عوض انھوں نے اس کے حقوق بیچ دیے ہیں اور وہ اس مبینہ معاشقے کے بارے میں کھلے عام بات نہیں کر سکیں گی۔

لیکن جریدے نے ان کی یہ کہانی نہیں چھاپی اور میکڈوگل نے کہا کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption مائیکل کوہن

جمعے کو ہی صدر ٹرمپ کے ایک اور وکیل روڈی گلیانی نے پہلے نیویارک ٹائمز کو تصدیق کی کہ صدر ٹرمپ اور مائیکل کوہن نے کیرن میکڈوگل کو رقوم دینے کے بارے میں بات چیت کی تھی لیکن اس رقم کا تبادلہ نہیں ہوا۔

لیکن بعد میں اخبار سے بعد کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان دونوں نے نیشنل انکوائرر کو پیسے دینے کے بارے میں بات کی تھی تاکہ جریدے کو وہ رقم مل جائے جو انھوں نے ماڈل کو ان کی کہانی کے عوض ادا کی تھی۔

صدر ٹرمپ نے کیرن میکڈوگل کے ساتھ کسی بھی معاشقے کی تردید کی لیکن اس سال مئی میں یہ اعتراف کیا کہ انھوں نے مائیکل کوہن کو ایک خاتون کے ساتھ معاشقہ رکھنے کے بعد خاموش رہنے کے لیے رقم ادا کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Entertainment
Image caption اس سے پہلے صدر ٹرمپ پورن سٹار سٹارمی ڈینئیلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی کی تردید کر چکے ہیں

اس سے پہلے صدر ٹرمپ پورن سٹار سٹارمی ڈینئیلز کو ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی کی تردید کر چکے ہیں۔

مائیکل کوہن ماضی میں کہہ چکے ہیں ہے کہ وہ صدر ٹرمپ کے لیے گولی کھانے کو بھی تیار ہیں لیکن اس کے بعد انھوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے لیے اپنے خاندان اور اپنے وطن سے وفاداری صدر ٹرمپ سے پہلے آتی ہے۔

صدر ٹرمپ یہ کہہ چکے ہیں کہ مائیکل کوہن اب ان کے وکیل نہیں رہے ہیں۔

اسی بارے میں