چینی ارب پتی امریکہ میں کچھ دیر کے لیے گرفتار

Police arrest photo of Liu Qiangdong تصویر کے کاپی رائٹ Hennepin County Sheriff's Office

چینی کمپنی جے ڈی ڈاٹ کام کے چیف ایگزیکٹو لوئی کیانگڈونگ کو امریکہ میں مجرمانہ جنسی ہراسگی کے الزام میں کچھ وقت کے لیے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

لوئی کیانگڈونگ چین کے امیر ترین لوگوں میں سے ایک ہیں۔ انھیں جمعے کی شب رات گئے مینیئپلس میں گرفتار کیا گیا اور سنیچر کی دوپہر رہا کر دیا گیا۔

لوئی کیانگڈونگ رچرڈ لوئی کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ جے ڈی ڈاٹ کام کا کہنا ہے ان پر جھوٹا الزام لگایا گیا ہے جبکہ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

کے ڈی ڈاٹ کام جسے جنگڈونگ کے نام سے بھی جانا چاتا ہے، وال مارٹ اور ٹنسنٹ کے ساتھ بزنس پارٹنر بھی ہیں۔

چینی سوشل میڈئا پلیٹ فارم ویبو پر کمپنی نے کہا کہ رچرڈ لوئی کی منسوٹا شہر میں گرفتاری بغیر شواہد کے صرف الزام پر مبنی تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی پولیس نے جلد ہی اندازہ لگا لیا کہ رچرڈ لوئی کے خلاف الزامات میں کوئی صداقت نہیں اور اسی لیے انھیں رہا کر دیا گیا اور وہ اپنی بزنس مصروفیات پلان کے مطابق جاری رکھ سکیں۔‘

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس کیس کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کر رہے۔

پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہم نے انھیں رہا کیا ہے تاہم اس کا تعلق شواہد کے ٹھوس ہونے یا نہ ہونے سے نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ان پر کوئی سفری پابندی نہیں ہے۔ ہمیں یہ بتایا گیا ہے کہ جب ہمیں ان سے رابطہ کرنا ہوگا تو ہم کر سکیں گے۔‘

فوربز میگزین کے مطابق لوئی کیانگڈونگ کی کل مالیت 7.9 ارب ڈالر ہے۔

متعلقہ عنوانات