بی بی سی کی صحافی ریچل بلینڈ کیسنر سے جنگ ہار گئیں

ریچل بلینڈ تصویر کے کاپی رائٹ RACHEL BLAND
Image caption گذشتہ روز ہی ریچل بلینڈ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ صرف 'چند دنوں کی مہمان' ہیں

تقریباً دو سال سے زیادہ عرصے سے چھاتی کے کینسر میں مبتلا بی بی سی کی پریزنٹر ریچل بلینڈ چالیس سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

ریچل کے خاندان والوں نے تصدیق کی ہے کہ وہ بدھ کی صبح اپنے گھر میں ابدی نیند سو گئیں۔

بی بی سی کے ریڈیو فائیو کے سامعین کے لیے ریچل بلینڈ کی آواز بہت جانی پہچانی تھی کیونکہ وہ ریڈیو فائیو پر خبریں پڑھتے کے علاوہ دیگر پروگراموں کی میزبانی بھی کرتی رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بی بی سی کی پریزنٹر اب 'چند دنوں کی مہمان'

بریسٹ کینسر کے بارے میں آپ کتنا جانتے ہیں؟

'شیرخوار نے کینسر کی تشخیص میں مدد کی'

ریچل بلینڈ کے انقتال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے شوہر سٹیو کا کہنا تھا کہ ’وہ ایک نہایت ہی باصلاحیت براڈ کاسٹر ہونے کے علاوہ نہایت ہی اچھی بیٹی، بہن، خالہ، بھانجھی، بیوی، اور اپنے پیارے بیٹے فریڈی کی ماں تھیں۔‘

یاد رہے کہ گذشتہ روز ہی ریچل بلینڈ نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ وہ صرف 'چند دنوں کی مہمان' ہیں۔

ریچل ایک لاعلاج کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں، اور نومبر سنہ 2016 میں ڈاکٹروں نے چالیس سالہ صحافی کو بتایا دیا تھا کہ انھیں بریسٹ کینسر ہے۔

گذشتہ ماہ انھوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے دو سالہ بیٹے فریڈی کے لیے اپنی یادداشت لکھ کر چھوڑنا چاہتی ہیں کیونکہ ان کے پاس ایک سال سے بھی کم وقت ہے۔

پیر کے روز انھوں نے ٹویٹ کیا تھا کہ وہ ابھی اپنا کام جاری رکھیں گی۔

ریچل نے ٹویٹ کیا تھا :'فرینک ایس کے الفاظ میں، دوستو مجھے افسوس ہے کہ میرا وقت آ گیا ہے۔۔۔ اچانک مجھے بتایا گیا ہے کہ میرے پاس صرف چند دن اور ہیں۔ میں آپ سب کی بہت شکرگزار ہوں۔۔۔'

ریچل کی بیماری کے اعلان کے بعد ان کے ساتھی صحافی بھی افسردہ تھے۔

بی بی سی ریڈیو کے معروف پریزنٹر رچرڈ بیکن نے ٹویٹ کیا تھا کہ ’یہ دلدوز خبر ہے۔ ریچل اس وقت تم میرے خیالوں میں ہو۔ میں تمہارے ساتھ اپنی مشترکہ پیشکش کو یاد کر رہا ہوں۔ مجھے بہت افسوس ہے۔ تم حیرت انگیز ہو۔'

ان کی دوسری ساتھی نیکی کیمبل نے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’ تم ایک باکمال انسان ہو۔ سب کو پیار۔'

تصویر کے کاپی رائٹ RACHAEL BLAND
Image caption ریچل بلینڈ اپنے شوہر سٹیو کے ساتھ

بی بی سی کی ایک معروف اینکر وکٹوریہ ڈربی شائر کو بھی سنہ 2015 میں چھاتی کا کینسر بھی تھا۔

ریچل کی ٹویٹ کے جواب میں وکٹوریہ نے لکھا کہ 'ہمت، نزاکت اور مسکراہٹ - تمہاری یہی پہچان ہے۔ تم شاندار ہو۔'

ریچل بلینڈ بی بی سی میں گذشتہ 15 سالوں سے کام کر رہی تھیں۔ حالیہ برسوں میں وہ 'بی بی سی ریڈیو 5 لائیو' سے منسلک رہیں۔

ان کا کینسر ان کے جسم کے باقی حصوں میں تیزی سے پھیل چکا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ CLAIRE WOOD
Image caption ریچل بلینڈ کو یہاں 'یو می اینڈ بگ سی' پروگرام کے سیٹ پر لورین ماہون اور ڈیبوراہ جیمز کے ساتھ دکھا جا سکتا ہے

آخری دنوں میں وہ اپنے دو سالہ بیٹے کے لیے ایک ڈائری میں یادیں تحریر کر رہی تھیں۔

گذشتہ ماہ برطانوی اخبار 'دی ٹیلیگراف' میں انھوں نے لکھا تھا کہ 'میں اس کے لیے وہ ساری کہانیاں اور صلاح و مشورہ چھوڑنا چاہتی ہوں جو میں اسے اپنی غیر حاضری میں نہیں دے پاؤں گی۔ مجھے موت کا ڈر نہیں ہے۔ اگر ڈر ہے تو صرف ان کا جنھیں میں چھوڑ کر جا رہی ہوں۔'