تھائی لینڈ کے ساحل سے 200 کلومیٹر دور تیرتے کتے کو بچا لیا گیا
تھائی لینڈ کے ساحل سے 220 کلومیٹر دور تیل نکالنے والی ایک ٹیم نے ایک تھکاوٹ سے نڈھال کتے کواس وقت بچالیا جب انھوں نے اسے اپنے ڈرلنگ پلیٹ فارم کے قریب تیرتے ہوئے دیکھا۔
گذشتہ جمعے کی دوپہر جب کارکنوں نے اسے بلایا تو بھورے رنگ کا کتا تیرتا ہوا ان کی جانب آ گیا۔ بعد ازاں اسے باحفاظت پانی سے باہر نکال لیا گیا۔
اب تک یہ واضح نہیں کہ یہ کتا سمندر میں اتنے دور تک کس طرح پہنچا۔ کچھ اطلاعات کے مطابق شاید یہ کسی ماہی گیر کی کشتی سے گر گیا ہو۔
تیل نکالنے والی ٹیم نے اس کتے کو بونرڈ کا نام دیا ہے۔ یہ ایک تھائی لفظ ہے، جس کا مطلب ہے ’جسے بچا لیا گیا ہو‘ یا ’بچ جانے والا‘۔
کہا جا رہا ہے کہ بونرڈ بہت تھکاوٹ کا شکار تھا اور اسے پانی اور خوراک کی اشد ضرورت تھی۔
انسان کے بہترین دوست کی یہ کہانیاں بھی پڑھیں
پلیٹ فارم پر اس کے حواس بحال کیے گئے جبکہ اس دوران عملے کے ارکان نے امداد کے لیے دیگر بحری جہازوں سے رابطہ کیا اور ساحل کی جانب واپس جاتے ہوئے ایک ٹینکر سے مدد مانگی۔
بونرڈ کے بالوں سے سمندری پانی کا نمک صاف کرنے کے لیے اسے پانی سے نہلایا گیا۔ اس کے بعد وہ سو گیا۔
اس کو بچانے والوں کا کہنا ہے کہ ریسکیو کے دوران سمندر پر سکون تھے، جس کی وجہ سے ٹرالر پر زنگ آلود دھات کی سلاخوں کے بیچ بونرڈ کی نشاندہی ممکن ہو سکی۔
بونرڈ کو ایک کرین کی مدد سے تیل بردار جہاز پر منتقل کیا گیا، جو اتوار کو اس علاقے سے گزر رہا تھا۔ بعد میں اسے جنوبی تھائی لینڈ میں ایک جانوروں کی کلینک میں منتقل کیا جانا تھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ جب یہ کتا ساحل پر پہنچا تو بہت خوش نظر آ رہا تھا۔
تمام تصاویر کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔