موسمیاتی تبدیلی: ایتھوپیا کی جانب سے ایک دن میں سب سے زیادہ درخت لگانے کا نیا ریکارڈ قائم کرنے کا دعویٰ

ایتھوپیا درخت
Image caption شجرکاری مہم کے لیے کچھ سرکاری دفاتر بھی بند رکھے گئے ہیں

افریقی ملک ایتھوپیا کے حکام نے دعوی کیا ہے کہ انھوں نے ایک دن میں 20 کروڑ سے زیادہ درخت لگا کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

شجرکاری کے اس منصوبے کی قیادت ایتھوپیا کے وزیراعظم ایبی احمد کر رہے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد جنگل کی کٹائی، موسمیاتی تبدیلی اور قحط جیسے مسائل کا مقابلہ کرنا ہے۔

گذشتہ کچھ عرصے کے دوران موسمیاتی تبدیلی کی بدولت ایتھوپیا میں قحط آنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

منصوبے کی تکمیل کے لیے کچھ سرکاری دفاتر بھی بند رکھے گئے ہیں تاکہ سرکاری ملازمین اس مشق میں حصہ لے سکیں۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں گرمی کا علاج صرف ’درخت لگاؤ‘ مہم؟

45 درخت کاٹنے پر وائس چانسلر کے خلاف مقدمہ درج

سندھ: دس لاکھ تمر کے درخت کاشت کرنے کی کوشش

اقوامِ متحدہ کے مطابق بیسویں صدی کے اوائِل میں ایتھوپیا کے جنگل ملک کے رقبے کا 35 فیصد حصہ تھے۔ لیکن سنہ 2000 کے بعد یہاں کے جنگل صرف چار فیصد تک رہ گیے۔

وزیراعظم ایبی احمد نے شجرکاری کے منصوبے کی بنیاد اپنے ’گرین لیگیسی انیشی ایٹو‘ کے تحت رکھی ہے۔ اس منصوبے سے ملک بھر میں 1000 مقامات پر درخت لگائے جا رہے ہیں۔

ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں بی بی سی کے نامہ نگار کالکیدن یبلتال نے بتایا کہ حکام کو کہا گیا تھا کہ وہ ان تمام پودوں کو گِن لیں جو زمین میں لگائے گئے ہیں۔

ایتھوپیا کے وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی گیتاہن مکوریا نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اب تک 22 کروڑ سے زیادہ درخت لگائے جا چکے ہیں۔

شجرکاری کے منصوبے کا اصل ہدف چار ارب درخت لگانا ہے۔

Image caption ایتھوپیا کے وزیراعظم ایبی احمد خود اس مہم میں حصہ لے رہے ہیں

بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق سرکاری ٹی وی چینل پر اس منصوبے کی تشہیر کے لیے ویڈیوز چلائی جارہی ہیں جن میں لوگوں کو درخت لگانے اور ان کی حفاظت کرنے کا کہا جا رہا ہے۔

ایک دن میں سب سے زیادہ درخت لگانے کا موجودہ ریکارڈ انڈیا کے پاس ہے۔ سنہ 2016 کے دوران انڈیا میں ایک دن میں آٹھ لاکھ رضاکاروں نے پانچ کروڑ درخت لگائے تھے۔

وزیراعظم ایبی احمد کے ناقدین سمجھتے ہیں کہ وہ اس مہم کے ذریعے لوگوں کا دھیان اپنی حکومت کو درپیش مسائل سے ہٹانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق ایتھوپیا نسلی تنازعات کا شکار ہے جس میں تقریباً 25 لاکھ لوگوں کو زبر دستی بے گھر کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھی موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے 10 ارب درختوں کی شجرکاری مہم کا آغاز کر رکھا ہے جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک پودا لگا کر کیا تھا۔

اسی بارے میں