برطانیہ: پولیس اہلکار امجد دتہ سمیت 16 افراد پر جنسی جرائم کا الزام

امجد دتہ، جنسی جرائم
،تصویر کا کیپشن

جب ان جرائم کا ارتکاب کیا گیا تو ویسٹ یارکشائر پولیس کی پروٹیکٹیو سروسز آپریشنز سے منسلک ملزم امجد حاضر سروس افسر تھے

برطانیہ کے شہر بریڈفورڈ میں مقامی پولیس نے پولیس کے سابق اہلکار امجد دتہ سمیت 16 افراد کے خلاف ماضی میں 13 سے 16 سال کے بچوں سے جنسی بدسلوکی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے فردِ جرم عائد کی ہے۔

ویسٹ یارکشائر پولیس کے کانسٹیبل امجد دتہ عرف امجد حسین پر جنسی انداز میں چھونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

امجد اور 15 دیگر مردوں پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے 2006 سے 2009 کے درمیان تین لڑکیوں کے خلاف ہیلیفیکس کے علاقے میں جنسی جرائم کیے۔

ان الزامات میں متعدد ریپ، جنسی حملہ، منشیات کی فراہمی، اور ٹریفکنگ شامل ہیں۔

جب ان جرائم کا ارتکاب کیا گیا تو ویسٹ یارکشائر پولیس کی پروٹیکٹیو سروسز آپریشنز سے منسلک ملزم امجد حاضر سروس افسر تھے۔

پولیس فورس کے مطابق انھیں سروس سے معطل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

تمام کے تمام 16 افراد کا تعلق ہیلیفیکس سے ہے اور انھیں چھ جنوری 2020 کو بریڈ فورڈ کے مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

ملزموں کی فہرست اور الزامات کی تفصیل

  • 30 سالہ وقار عباس پر ریپ کے تین اور کلاس سی منشیات کی فراہمی کے تین الزامات ہیں
  • 34 سالہ ندیم عدالت پر ریپ کے چار اور کلاس سی منشیات کی فراہمی کے چار الزامات ہیں
  • 43 سالہ ساجد عدالت پر ریپ کا الزام ہے
  • 33 سالہ وسیم عدالت پر ریپ کے دو الزامات اور ٹریفکنگ اور کلاس سی منشیات کی فراہمی کا الزام ہے
  • 35 سالہ امجد دتہ عرف امجد حسین پر جنسی انداز میں چھونے کا الزام ہے
  • 45 سالہ کرسٹوفر ایسٹ وُڈ پر ریپ کے دو اور کلاس سی منشیات کی فراہمی کے دو الزامات عائد کیے گئے ہیں
  • 46 سالہ مہتاب اسلام پر ریپ کے چھ، کلاس سی منشیات کی فراہمی کے چھ، جنسی حملوں کے دو اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں
  • 34 سالہ محمد رضوان اقبال پر ریپ کا الزام عائد کیا گیا ہے
  • 32 اشتیاق لطیف پر بچے کے ساتھ جنسی حرکات کا الزام عائد کیا گیا ہے
  • 33 سالہ اسد محمود پر ریپ اور ٹریفکنگ کے دو الزامات عائد کیے گئے ہیں
  • 36 سالہ عرفان میر عرف خلیفہ مغل پر ریپ کے چھ، کلاس سی منشیات کی فراہمی کے تین، اے کلاس منشیات کی فراہمی اور انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں
  • 34 سالہ یونس محمد عرف یونس خان پر ریپ اور کسی شخص کو اس کی رضامندی کے بغیر ان سے جنسی حرکات کروانے کا الزام عائد کیا گیا ہے
  • 39 سالہ ندیم ناصر پر ریپ، کلاس سی منشیات کی فراہمی اور قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے
  • 40 سالہ شہزاد نواز پر ریپ، کلاس سی منشیات کی فراہمی اور قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے
  • 44 سالہ شہزاد نذیر پر ریپ کے دو اور کلاس سی منشیات کی فراہمی کے دو الزامات عائد کیے گئے ہیں
  • 36 سالہ سہیل ظفر پر ریپ اور کلاس سی منشیات کی فراہمی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں