سلمان رشدی پر حملے سے کوئی تعلق نہیں، وہ خود اس کے ذمہ دار ہیں: ایران

سلمان رشدی

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

ایرانی رہنما آیت اللہ خمینی نے ایک فتویٰ جاری کیا جس میں رشدی کو واجب القتل قرار دیا گیا تھا

ایران نے سلمان رشدی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے شخص سے کسی بھی قسم کے تعلق کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اس حملے کا ذمہ دار خود سلمان رشدی کو ہی قرار دیا ہے۔

نیویارک میں ایک تقریب کے دوران سٹیج پر چڑھ کر ایک شخص نے 75 سالہ مصنف سلمان رشدی کو چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔

سلمان رشدی کو گردن پر بھی زخم آیا تھا لیکن اب انھیں سانس لینے میں کوئی دشواری پیش نہیں آ رہی ہے۔

سلمان رشدی کو سنہ 1988 میں لکھی گئی کتاب ’سیٹنک ورسز‘ کی اشاعت کے بعد سے قتل کی دھمکیوں کا سامنا رہا ہے۔

یاد رہے کہ سلمان رشدی پر حملے کے بعد ایران میں سرکاری ذرائع ابلاغ میں اس خبر پر خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اس پر تنقید کرتے ہوئے اس طرز عمل کو ’قابل نفرت‘ قرار دیا ہے۔

ایران میں ذرائع ابلاغ پر سلمان رشدی پر قاتلانہ حملے کی خبریں وسیع پیمانے پر شائع اور نشر کی گئیں تھیں اور اس حملے کو ’قدرت کی طرف سے ایک سزا‘ قرار دیا گیا تھا۔

ایران میں سرکاری نشریاتی ادارے ’جام جم‘ نے رشدی کی آنکھ ضائع ہو جانے کی خبر کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’شیطان ایک آنکھ سے اندھا ہو گیا ہے۔‘

گذشتہ جمعہ کو جیسے ہی سلمان رشدی پر حملے کی خبریں آنا شروع ہوئیں دنیا بھر کی نظریں ایران پر لگ گئیں جہاں تین دہائیوں قبل سرکاری طور پر سلمان رشدی کو ایک فتوی کے ذریعے واجب القتل قرار دیا گیا تھا اور مبینہ طور پر توہین رسالت کے مرتکب ہونے والے مصنف کو قتل کرنے والے کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نصیر کینانی نے پہلی مرتبہ سرکاری طور پر اس قاتلانہ حملے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس حملے سے کسی بھی قسم کا تعلق ہونے کی تردید کرتا ہے۔ ایران کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران پر اس قسم کی بے بنیاد الزام تراشی کرے۔

،تصویر کا ذریعہReuters

مواد پر جائیں
پوڈکاسٹ
ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

انھوں نے آزادی رائے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی رائے کا حق سلمان رشدی کو مذہب کی توہین کرنے کا جواز مہیا نہیں کرتا۔

تہران میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انھوں نے کہا کہ ’اس حملے کا ذمہ دار ہم کسی اور کو نہیں بلکہ رشدی اور اس کے حامیوں کو سمجھتے ہیں اور انھیں قابل مذمت قرار دیتے ہیں۔‘

ایرانی دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ 'مذہب اسلام کی توہین اور ڈیرھ ارب مسلمانوں کے لیے مقدس تصور کی جانے والی حدود عبور کر کے سلمان رشدی نے خود اس الہامی مذہب کے ماننے والوں کے غیض و غضب کو دعوت دی تھی۔'

انھوں نے کہا کہ ایران کو اس حملہ آوور کے بارے میں صرف اتنا ہی معلوم ہے جو اب تک ذرائع ابلاغ میں شائع ہوا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ یہ انتہائی احمقانہ بات ہے کہ قاتلانہ حملے کا ذمہ دار اسی شخص کو قرار دیا جائے جس پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ حملہ صرف ایک شخص پر حملہ نہیں تھا بلکہ یہ آزادی اظہار اور آزادی رائے پر حملہ تھا۔

قبل ازیں برطانیہ کی حزب اختلاف کی طرف سے 'شیڈو' یا وزارت خارجہ کے امیدوار ڈیویڈ لیمی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی ذرائع سے ایران کو یہ بیان واپس لینے پر مجبور کرے۔

امریکی وزیر خارجہ نے اس سے قبل ایران کے سرکاری اداروں کو اس متنازع مصنف کے خلاف تشدد پر اکسانے کا الزام لگاتے ہوئے ان کی مذمت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 'اگرچہ قانون نافذ کرنے والے اس حملے کی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں لیکن مجھے ان منفی قوتوں کی یاد آ رہی ہے جو نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے سمیت ان حقوق کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ایرانی ریاستی اداروں نے کئی نسلوں سے رشدی کے خلاف تشدد پر اکسایا ہے اور حال ہی میں سرکاری ذرائع ابلاغ نے ان کی زندگی پر اس کوشش کے بارے میں مسرت کا اظہار کیا ہے جو قابل نفرت ہے۔

مسٹر بلنکن نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی 'ان خطرات' کے خلاف کھڑے ہونے کے لیے 'ہر مناسب حربہ' استعمال کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

اتوار کے روز رشدی کے بیٹے نے کہا کہ مصنف کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے: 'اگرچہ ان کے زخم بہت شدید ہیں لیکن ان کی حس مزاح برقرار ہے۔'

ہفتہ کے روز جب سلمان رشدی کو وینٹی لیٹر سے اتارا گیا تو اہل خانہ کو تسلی ہوئی کہا کہ انہوں نے "چند الفاظ" ادا کیے۔

مصنف کے ایجنٹ اینڈریو وائلی نے کہا کہ سلمان رشدی کے ایک بازو، جگر پر زخم آئے ہیں اور ایک آنکھ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

جمعہ کے روز ہونے والے حملے کے الزام میں ملوث شخص جس کا نام ہادی ماتر ہے، جس کی عمر 24 سال ہے، نے قتل کی کوشش اور حملے کے الزامات سے انکار کیا ہے۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسٹیج پر دوڑ کر مسٹر رشدی کے چہرے، گردن اور پیٹ میں کم از کم 10 بار چھرا گھونپا تھا۔

ناول نگار کو 1988 میں سیٹنک ورسز کے عنوان سے کتاب کی اشاعت کے بعد تقریباً دس سال تک روپوش رہنا پڑا۔

سلمان رشدی کو جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا اور اس وقت کے ایرانی رہنما آیت اللہ خمینی نے ایک فتویٰ جاری کیا جس میں رشدی کو واجب قتل قرار دیا گیا اور مصنف کے سر پر 30 لاکھ ڈالر کا انعام رکھا گیا۔

یہ فتویٰ بدستور برقرار ہے اور اگرچہ ایران کی حکومت نے اس سے خود کو الگ کر لیا ہے لیکن ایک نیم سرکاری ایرانی مذہبی فاؤنڈیشن نے 2012 میں اس انعام میں مزید پانچ لاکھ ڈالر کا اضافہ کیا۔