ہیٹی تعمیرِنو: گیارہ ارب سے زائد درکار

ہیٹی کی حکومت کے ایک اندازے کے مطابق جنوری کو آنے والے زلزلے سے ہونے والی تباہی کے بعد ملک کی ازسرِنو تعمیر کے لیے ساڑے گیارہ ارب ڈالر درکار ہیں۔

ہیٹی کی تعمیرِ نو
Image caption ہیٹی کی امداد کے متعلق اس ماہ نیو یارک میں ایک کانفرنس ہو رہی ہے

حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایک غریب تباہ شدہ ملک کی ضروری مرمت کے لیے ایک عام اندازہ ہے۔

یہ منصوبہ جو بین الاقوامی امدادی اداروں کے توسط سے بنایا گیا ہے اس ماہ امدادی ممالک کے درمیان ہیٹی پر ہونے والی کانفرنس کے دوران پیش کیا جائے گا۔

زلزلے میں دو لاکھ بیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور ایک اندازے کے مطابق اس سے تقریباً آٹھ ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا تھا۔

Image caption ہیٹی کے عارضی کیمپوں میں ابھی بھی دو لاکھ سے زیادہ افراد رہ رہے ہیں

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہیٹی کے وزیرِ سیاحت نے کہا ہے کہ ’یہ ایک جاری عمل ہے، اور یہ دستاویز حتمی نہیں ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ مکمل تعمیر نو کے لیے اندازے چودہ ارب ڈالر تک جا سکتے ہیں۔

تعمیرِ نو کے لیے بنائے گئے منصوبے پر نیویارک میں اکتیس مارچ کو ہیٹی سے متعلق ہونے والی کانفرنس میں غور کیا جائے گا۔

ابھی بھی ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں دو لاکھ اٹھارہ ہزار افراد عارضی بنائے گئے کیمپوں میں رہ رہے ہیں جہاں اب بھی سیلاب اور تودے گرنے کا خدشہ ہے۔

اسی بارے میں