آخری وقت اشاعت:  منگل 27 اپريل 2010 ,‭ 16:03 GMT 21:03 PST

ہالی وڈ کو بچا لیا گیا

اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے

ونڈوز میڈیا یا ریئل پلیئر میں دیکھیں/سنیں

دنیا کی معروف فلم نگری ہالی ووڈ ہلز پر بنائے گئے ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور علامتی نشان کو آخری لمحات میں ختم ہونے سے بچا لیا گیا ہے اور اسکی بقا میں اہم ترین کردار ‘‘پلے بوائے‘‘ کے بانی ہیوگ ہیفنر نے ادا کیا ہے جنہوں نے اسے بچانے کی تحریک میں نو لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔

ہالی ووڈ کی فلمی صنعت دنیا بھر کی فلمی صنعت کا باوا آدم قرار دی جاتی ہے اور فلمی صنعت کے اس قدیم اور اہم شہر کی پہچان میلوں دور سے نظر آنے والا پہاڑی پر نصب‘‘ہالی ووڈ‘‘ کا یہ نشان ہے جس کے معدوم ہونے کے خدشات اب ختم ہو گئے ہیں اور یہ نشان اسی طرح اپنی جگہ موجود رہے گا۔

یہ علامت بنیادی طور پر انیس سو تئیس میں اس پہاڑی پر ‘‘ہالی ووڈ لینڈ‘‘ کے نام سے نصب کی گئی تھی جو جائیداد کی خرید فروخت کے ایک ادارے کے اشتہار کے طور پر تھی۔

ہالی ووڈ کا یہ سائن شہر کی ملیکت ہے لیکن اس کے ارد گرد کی زمین اور جائیداد شکاگو کے سرمایہ کاروں کے ایک گروپ کی ہے جنہوں نے پہاڑی پر نصب ہولی ووڈ کی اس علامت کے ارد گرد کی ایک سو اڑتیس ایکڑ زمین کو تعمیراتی کمپنی کو فروخت کرنا چاہا جو یہاں مہنگی قیمت کے جدید مکانات بنانا چاہتے تھے۔

اس خبر نے فلمی حلقوں میں ایک ہلچل مچا دی اور اس علامت کو بچانے کے لیئے کوششیں شروع کر دی گئیں اور 12.5 ملین ڈالر کا فنڈ قائم کیا گیا کیونکہ اس اراضی کی قیمت بھی اتنی ہی رکھی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 2002 میں ہالی ووڈ ہلز کو ایک تعمیرا تی کمپنی نے پہلے پارک قائم کرنے کی غرض سے خریدا تھا لیکن جب مکانات بنانے کا منصوبہ طے ہوا تو اس تاریخی نشا ن کے تباہ ہونے کا اندیشہ پیدا ہوا جس پر ایک عوامی ادارے نے یہ پہاڑ دوبارہ خر یدنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے فنڈز جمع کرنے کی مہم بھی شرو ع کر دی گئی

اب ‘‘پلے بوائے‘‘ کے حوالے سے معروف ہیوگ ہیفنر نے نو لاکھ ڈالر کا عطیہ دے دیکر فنڈز جمع کرنے کی اس مہم کو کامیاب بنا دیا ہے۔

کیلیفورنیا کے گورنر آرنلڈ شیوارزنگر نے جو خود بھی ہالی وڈ لیجنڈ ہیں اور اس ضمن میں فنڈز جمع کرنے کی تحریک میں پیش پیش رہے ہیں اب اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 12.5 ملین ڈالر کے فنڈ جمع کرنے کی یہ تحریک اب کامیابی سے اختتام پزیر ہوئی ہے۔

سرمایہ کاروں نے یہ زمین یوں تو تعمیراتی کمپنی کو بیچنے کا عندیہ دیا تھا لیکن یہ بھی پیشکش کی تھی کہ اگر ہالی ووڈ کی اس علامت کو بچانے والا ٹرسٹ اتنی ہی قیمت دے گا تو وہ یہ زمین انہی کو دے دیں گے۔

ہیوگ ہیفنر اس نشان کو ‘‘ ہالی ووڈ ایفل ٹاور‘‘ کا نام دیتے ہیں اور انکا کہنا ہے کہ میری کامیابیوں میں اس علامت کا بہت عمل دخل ہے کیونکہ میرے بچپن کے سارے خواب یہیں بننے والی فلموں سے پورے ہوئے ہیں اسکا میری زندگی اور پلے بوائے پر بہت اثر ہے۔

اس علامت کو بچانے کے لیئے قائم کردہ فنڈ میں امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں،دس ممالک اور اداکار ٹام ہانکس اور ہدایتکار سٹیون سپلز برگ سمیت متعدد اہم شخصیات نے حصہ لیا ہے۔

[an error occurred while processing this directive]

BBC navigation

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔