راکھ: شمالی آئرلینڈ کی فضائی حدود بند

آئس لینڈ کے آتش فشاں سے نکلنے والے راکھ آلود بادلوں کی وجہ سے شمالی آئرلینڈ کے متعدد علاقوں کو ایک بار پھر نو فلائی زون قرار دے دیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں پر پابندی کا یہ فیصلہ شمال مغربی برطانیہ کی جانب بڑھتے راکھ کے بادلوں کو دیکھ کر کیا ہے۔

بلفاسٹ کا ہوائی اڈہ برطانوی معیاری وقت کے مطابق اتوار دوپہر ایک بجے تک بند رہے گا۔ ڈبلن کا ہوائی اڈہ ابھی تک کھلا ہے تاہم جمہوریہ آئرلینڈ کی جانب جانے والی کچھ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔

فضائی کمپنی ایزی جیٹ نے بلفاسٹ کے ہوائی اڈے سے اڑنے والی اپنی گیارہ پروازیں منسوخ کی ہیں جبکہ برٹش ائرویز کی موسمیاتی پیشنگوئی کے مطابق راکھ کا بادل پیر یا منگل تک برطانوی فضاء میں رہ سکتا ہے، حکام نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے قبل اپنی فضائی کمپنی سے رابطہ کر لیں۔

برطانوی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں راکھ کے اس نئے بادل سے جنوب مشرقی انگلینڈ کے ہوائی اڈے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ موسمیاتی دفتر کے مطابق اس وقت راکھ کا بادل پچیس ہزار فٹ کی بلندی پر موجود ہے جبکہ ہوا شمال مغرب کی جانب سے چل رہی ہے۔

برطانوی محکمۂ موسمیات کی ترجمان کے مطابق ہوا کا رخ آئندہ ہفتے کے وسط میں تبدیل ہو سکتا ہے جس کے بعد راکھ آلود بادل برطانوی فضا سے نکل جائے گا۔

واضح رہے کہ آئس لینڈ کے آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ نے اپریل سے ہزاروں پروازوں کو متاثر کیا ہے۔ اسی راکھ کی وجہ سے اپریل میں یورپی ائر سپیس پانچ دن کے لیے بند رہی تھی جس سے نہ صرف لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا بلکہ فضائی کمپنیوں کو بھی کروڑوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

اسی بارے میں