ڈیوڈ بیکہم افغانستان روانہ

برطانیہ کے مشہور فٹبال کھلاڑی ڈیوڈ بیکہم افغانستان روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ برطانوی فوجیوں سے ملاقات کریں گے۔

فائل فوٹو

اپنے دورے سے متعلق ڈیوڈ بیکہم کا کہنا ہے کہ وہ افغانستان میں موجود برطانوی فوجیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

اُن کے مطابق وہ برطانوی مرد اور خواتین فوجیوں کی ہمت پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیں گے جن کی وجہ سے انھیں اپنے برطانوی ہونے پر فخر ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے فٹبال کلب مانچسٹر یوناٹیڈ میں اپنا نام پیدا کرنے والے ڈیوڈ بیکہم رئیل میڈرڈ، لاس اینجلیس گیلاسی اور اے سی میلان کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔ افغانستان میں اپنے قیام کے دوران برطانوی فوجیوں کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن میں بھی شرکت کریں گے۔

ڈیوڈ بیکہم کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے قبل افغانستان جانا چاہتے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وہ برطانوی فوجیوں سے یہ کہیں گے کہ وہ اتنے مشکل حالات کے باوجود بہت عمدہ طریقے سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

دریں اثناء برطانیہ کی وزارتِ دفاع نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ افغانستان کے صوبے ہلمند میں تعینات آٹھ ہزار فوجی امریکی آپریشنل کمانڈ کے تحت آ جائیں گے۔