افغانستان: نیٹو کے دس فوجی ہلاک

افغانستان میں نیٹو کے دس فوجی مختلف واقعات میں ہلاک ہو گئے ہیں جو پچھلے چند ماہ کے دوران ایک دن میں اتحادی فوج کا سب سے بڑا نقصان ہے۔

فائل فوٹو،
Image caption اس وقت افغانستان میں تعینات غیر ملکی فوجیوں کی تعداد چرانوے ہزار ہے

پیر کو امریکی حکام کے مطابق مشرقی افغانستان میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے پانچ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔

جنوبی افغانستان میں جہاں اتحادی افواج طالبان کے خلاف جنگ میں مصروف ہے وہاں مختلف مقامات پر نیٹو افواج پر ہونے والے ہونے والے حملوں میں پانچ غیر ملکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

برطانیہ کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ سوموار کو ہونے والی ہلاکتوں میں ان کا کوئی فوجی شامل نہیں ہے۔

افغانستان میں صدر حامد کرزئی کی سربراہی میں ہونے والے تین روزہ قومی جرگے میں اتفاق کیا گیا تھا کہ ملک میں امن بحال کرنے کے لیے طالبان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔

لیکن اس سے پہلے طالبان دھڑے کہتے آئے ہیں کہ جب تک افغانستان سے غیر ملکی فوجی واپس نہیں چلے جاتے اس وقت تک مذاکرات نہیں ہو سکتے ہیں۔

اس وقت افغانستان میں تعینات غیر ملکی فوجیوں کی تعداد چرانوے ہزار ہے جب ان کی تعداد رواں سال کے آخر تک ایک لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ فوجیوں میں اضافے کے اعلان امریکی صدر براک اوباما نے طالبان کے خلاف کارروائی میں تیزی لانے کے لیے کیا تھا۔

اسی بارے میں