انڈونیشیامیں زلزلوں کے جھٹکے

انڈونیشیا میں وقفے وقفے سے زلزلوں کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر ملک کے صوبے پاپوا کے قریب محسوس کیے گئے۔

انڈونیشیا(فائل فوٹو)

دو شدید ترین جھٹکے انڈونیشیا کے صوبے پاپوا کے ساحل کے قریب محسوس کیے گئے جہاں لوگ گھروں سے بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ان زلزلوں کے بعد سونامی کے خطرے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن پھر اسے واپس لے لیا گیا۔

ایک کم شدت کا جھٹکا سولومن آئی لینڈ کے قریب محسوس کیا گیا۔ ان میں ابتدائی طور دو افراد کے ہلاک ہونے کی غیر مصدقے اطلاعات ملی تھیں۔متاثرہ علاقے میں درجنوں مکان اور ایک گرجا گھر تباہ ہو گیا ہے۔

امریکہ میں ارضیاتی سروے کے محکمے کی ویب سائٹ کے مطابق پہلا جھٹکا چھ اعشاریہ چار کی شدت کا تھا پھر اس کے دس منٹ کے بعد ریکٹر سکیل پر سات شدت کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ زلزلے کا مرکز پاپوا صوبے کے شمال میں سمندر کی تہہ سے انتیس کلومیٹرنیچے تھا۔

مقامی لوگوں نے بتایا کہ زلزلے کے فوراً بعد سینکڑوں لوگ گھروں سے باہر آ گئے۔ سونامی کے خطرے کے تحت لوگ ساحلوں سے دور اونچے مقامات پر پہنچ گئے۔

انڈونیشیا میں حال ہی میں کئی زلزلے آئے ہیں۔ ملک کے جزیرے سوماٹرا میں ستمبر دو ہزار نو میں ایک ہزار لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

انڈونیشیا قرۂ ارض کے ایسےحصے میں واقعہ ہیں جہاں زلزوں کا سب سے زیادہ خطرہ رہتا ہے۔ اسے بحر الکاہل کا آگ کا دائرہ بھی کہتے ہیں۔

دسمبر دو ہزار چار میں آچے کے ساحل کے پاس نو اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی سونامی تیرہ ممالک میں کم سے کم ڈھائی لاکھ لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں