برطانیہ: پاکستانی پھرگرفتار

عابد نصیر
Image caption عابد نصیر کے خلاف برھانیہ میں مقدمہ نہیں چلایا گیا

برطانیہ میں القاعدہ کے مبینہ بم حملوں کے منصوبوں کے الزم میں پہلے گرفتار اور پھر رہا ہونے والے ایک شخص کو اب امریکی وارنٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

چوبیس سالہ پاکستانی شہری عابد نصیر کو پچھلے سال مینچیسٹر اور لیورپول میں پولیس کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت گرفتار ہونے والے دس پاکستانیوں میں شامل تھے۔

تاہم عابد نصیر کے خلاف مقدمہ نہیں چلایا گیا اور مئی میں ان کو برطانیہ کی ایک امیگریشن عدالت نے برطانیہ میں رہنے کی اجازت دے دی۔ اس عدالت کا کہنا تھا کہ عابد نصیر القاعدہ کے کارکن تو ہیں لیکن اگر ان کو پاکستان واپس بھیجا گیا تو وہاں ان کی جان کو خطرہ ہوگا اور ان پر تشدد کیے جانے کے کافی امکانات ہیں۔

عابد نصیر کو اب امریکہ سے جاری ہونے والے وارنٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کی بدھ کو ویسٹمنسٹر کراؤن کورٹ میں پیشی کے بعد امریکہ کے حوالے کیا جائے گا۔ ان پر ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی حمایت کرنے اور تباہی کے آلات استعمال کرنے کا الزام ہے۔