امریکہ:یورپی بینکوں تک رسائی

یورو

یورپی یونین کے ارکان پارلیمان نے امریکی تفتیش کاروں کو یورپی بینکوں تک رسائی دینے کی منظوری دے دی ہے۔

یورپی یونین نے طویل اور مشکل مذاکرات کے بعد منظوری دی کہ انسداد دہشت گردی کے لیے کام کرنے والے امریکی تفتیش کار یورپی بینکوں سے ضروری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

اس سے پہلے فروری میں یورپی پارلیمان نے اس تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔ یورپی یونین کی طرف سے مذاکرات میں حصہ لینے والے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ یورپی یونین کو امریکی تفتیش کاروں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے کا حق حاصل ہو گا۔

معاہدے کے تحت امریکہ ’سوِفٹ‘ نامی فرم کے پاس محفوظ معلومات دیکھ سکے گی۔ سوِفٹ یومیہ بینکوں کے لاکھوں سودے کرواتی ہے۔

امریکہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے یہ معاہدہ اہم تھا۔ یورپی پارلیمان میں معاہدے کے حق میں چار سو نواسی، مخالفت میں ایک سو نو ووٹ ڈالے گئے جبکہ بارہ ووٹر غیر حاضر تھے۔

امریکہ نے سوِفٹ کے سودوں پر خفیہ طور پر نظر رکھی ہوئی تھی یہ بات سن دو ہزار چھ تک کسی کو معلوم نہیں تھی۔

معاہدے کے تحت امریکی تفتیش کار معلومات کے لیے یورپی یونین کی ایجنسی یوروپول سے رابطہ کریں گے جو دیکھے گی آیا مطلوبہ معلومات دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اہم ہے یا نہیں۔ لوگوں کے حقوق کے لیے کامر کرنے والی تنظیم ’یورپین ڈیجیٹل رائٹس‘ نے کہا کہ پولیس کی بجائے نظر رکھنے کا کام کسی عدالتی اختیارات رکھنے والے ادارے کے پاس ہونا چاہیے۔

تنظیم کا کہنا تھا کہ یورپی پولیس کو خود امریکی اداروں سے معلومات کی ضرورت ہوگی اور ان کے لیے امریکی درخواست کو رد کرنا مشکل ہوگا۔

یورپی یونین کے شہریوں کو امریکی تفتیش کاروں کی طرف سے معلومات کے غلط استعمال کی صورت میں ان کے خلاف چارہ جوئی کا حق حاصل ہوگا۔

اسی بارے میں