روسی جاسوس کی برطانوی شہریت ختم

اینا چیپمین
Image caption اینا چیپمین نے 2002 میں برطانوی شہری ایلیکس چیپمین سے شادی کی تھی

امریکہ میں روس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار اور ملک بدر کیے جانے والے دس افراد میں شامل اٹھائیس سالہ خاتون اینا چیپمین کی برطانوی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے۔

اینا چیپمین کو ایک برطانوی شہری ایلیکس چیپمین سے شادی کے بعد شہریت ملی تھی جن سے ان کی کئی برس پہلے طلاق ہو گئی۔

پچھلے ہفتے اینا چیپمین کے وکیل نے کہا تھا کہ امریکہ سے نکالے جانے کے بعد چیپمین برطانیہ آنے کا ارادہ رکھتی ہیں کیونکہ ان کے پاس برطانوی پاسپورٹ ہے۔ تاہم اب ان کی شہریت ختم کر دی گئی ہے اور امکان ہے کہ برطانوی حکام ان کی برطانیہ میں داخل ہونے پر مزید پابندیاں لگائیں گے۔

امریکہ نے نو جولائی کو ان دس روسی جاسوسوں کو چار امریکی جاسوسوں کے بدلے روس کے حوالے کر دیا تھا۔

اینا چیپمین عرف آنیا کوشینکو ایک روسی سفارتکار کی بیٹی ہیں۔

برطانیہ میں شہریت منسوخ کرنے سے متعلق قانون سنہ 2002 میں بنایا گیا تھا۔ اس کے تحت برطانیہ کے وزیر داخلہ کو کسی بھی ایسے شخص کی شہریت ختم کرنے کا اختیار ہے جن کے بارے میں ان کو خیال ہو کہ وہ ملکی سلامتی کو خطرہ ہے۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق اس قانون کے تحت اب تک صرف چھ کے قریب افراد کے خلاف اسی کارروائی ہوئی ہے۔

اسی بارے میں