چین، ویب فلٹر پروجیکٹ میں فنڈز کی کمی

فائل فوٹو
Image caption چین میں ویب سائٹ پر سینسر شپ کا معاملہ متنازعہ رہا ہے

چین سے ملنی والی اطلاعات کے مطابق ویب سائٹ پر کنٹرول کے لیے حکومت کی جانب سے متنازعہ سافٹ ویئر '' گرین ڈیم یوتھ سکاٹ'' لگانے کا پروجیکٹ پیسوں کی کمی کے سبب خاتمے کے قریب ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق '' گرین ڈیم یوتھ سکارٹ'' سافٹ ویئر کو بنانے والوں نے حکومت کی طرف سے فنڈز نا دینے کے سبب اپنے بیجنگ پرجیکٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہینان میں اس پروجیکٹ پر کام کرنے والوں کا کہنا تھا کہ رقم نا ملنے کے سبب وہ بھی اپنے پروجیکٹ کو بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

چین نے کہا تھا کہ اس کے ملک میں جو بھی کمپیوٹر نصب لگيں گے ان میں اس سافٹ ویئر کا ہونا لازمی ہے۔ لیکن سینسر شپ کے متعلق شکایات کے بعد اس نے نرمی اختیار کر لی ہے۔

چینی حکام کا کہنا تھا کہ اس سافٹ ویئر کے لگنے سے فحش اور پر تشدد مواد کو روکنے میں مدد ملے گی۔ تاہم اس کے مخالفین کا کہنا تھا کہ اس سافٹ ویئر سے حساس قسم کے سیاسی مواد سے خود چینی بھی محروم رہ سکتے ہیں۔

ایک اعتراض یہ بھی تھا کہ اس سافٹ ویئر کو بنانے کے لیے صرف ایک کمپنی کو اختیار دیا گیا ہے اور مخالفین کو یہ مونو پولی پسند نہیں تھا۔

اس سافٹ ویئر کی تنصیب پر عالمی اور گھریلو دباؤ کے سبب حکام نے کچھ نرمی برتی تھی اور کہا کہ جسے مرضی ہو وہ اسے نصب کرے ورنہ ضروری نہیں ہے۔

بالآخر یہ سافٹ ویئر صرف اسکول اور انٹر نیٹ کیفوں کے دو کروڑ کمپیوٹرز میں ہی لگایا جا سکا ہے۔ بیجنگ میں اس سافٹ ویئر کے ڈیولپر کپمنی کے چیر مین چین ژومنیگ کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس کے لیے ایک برس یعنی دو ہزار آٹھ سے دو ہزار نو تک ہی پیسے مہیا کرائے تھے۔

مسٹر چین کا کہنا ہے کہ حکومت سے اس پرجیکٹ کے لیے مزید رقم مہیا کرنے کو کہا گیا تھا لیکن اس کی جانب سے کو ئی جواب نہیں ملا ہے۔ اسی لیے بیجنگ کے پروجیکٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔

اس بارے میں سرکاری سطح پر ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

اس متنازعہ سافٹ ویئر '' گرین ڈیم'' کے حوالے سے کئی بار تنازعہ ہوا ہے۔ اس سے پہلے امریکہ میں ایک کمپنی نے بیجنگ پر کئی کروڑ کے ہرجانے کے لیے عدالتی چارہ جو ئی کی تھی۔

امریکی کمپنی کا کہنا تھا کہ بیجنگ نے اپنے سافٹ ویئر کے استعمال کے لیے اس کے کوڈ کی چوری کی ہے جسے حکومت کے علاوہ سات دیگر کمپیوٹر بنانے والی کمپنیاں استعمال کرتی ہیں۔

اسی بارے میں