مسجد مخالف اشتہارات رد

مسجد مخالف مظاہرین
Image caption نیو یارک کے کئی شہری بھی اس منصوبے کی مخالفت کر رہے ہیں

امریکہ میں دو بڑے ٹی وی نیٹ ورکس نے نیو یارک پر گیارہ ستمبر کے حملوں کے مقام کے قریب ایک مسجد تعمیر کرنے کے منصوبے کے خلاف بنائے گئے اشتہارات چلانے سے انکار کر دیا ہے۔

گراؤنڈ زیرو کے قریب مسجد پر تنازعہ

یہ اشتہارات ریپبلکن پارٹی سے وابستہ ’نیشنل ری پبلکن ٹرسٹ‘ نے بنائے ہیں۔ اشتہارات ’کِل دا گراؤنڈ زیرو موسک‘ نامی مہم کا حصہ ہیں۔ اس مہم کے اشتہارات کو ایک لاکھ کے قریب لوگوں نے فیس بُک پر دیکھا ہے۔

اشتہارات میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملوں اور تباہی کی فوٹیج کے ساتھ اس حملے پر اسلامی شدت پسند تنظیموں کی خوشی کے اظہار اور جشن کی تصاویر لگائی گئی ہیں۔ اشتہار میں کمنٹری کے طور پر کہا جاتا ہے ’گیارہ ستمبر کو ان لوگوں نے ہمارے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا۔ اب وہ تین ہزار امریکیوں کے اس قتل پر خوشی منانے کے لیے یہ مسجد بنانا چاہتے ہیں۔ یہ ایک مقدس مقام ہے۔ لیکن جس پر ہمیں غم ہوتا ہے اس پر یہ لوگ خوش ہوتے ہیں۔ یہ مسجد ان کی فتح کی علامت ہوگی، اور مزید ایسے حملوں کی دعوت دے گی۔‘

اشتہارات کی اس کمنٹری کے ساتھ اذان کی آواز لگائی گئی ہے۔

سی بی ایس اور این بی سی امریکہ کے دو بڑے نیٹ ورک ہیں اور دونوں نے یہ اشتہارات چلانے سے انکار کیا ہے۔این بی سی کا کہنا ہے کہ یہ اشتہارات گائڈ لائنز کے مطابق نہیں ہیں۔