جرمنی: بینک کی تیرہ برانچوں پر چھاپے

فائل فوٹو
Image caption فائل فوٹو

جرمنی کے حکام نےٹیکس چوری کی ایک انکوائری کے حوالے سے بینک کریڈٹ سویئس کی تیرہ برانچوں پر چھاپے مارے ہیں۔

بدھ کو جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں استغاثہ نے کہا کہ ایک سو پچاس تفتیش کار اس تفتیش میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ تفتیش بینک کے اس عملے کے خلاف ہو رہی ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے کھاتہ داروں کو ٹیکس کی چوری میں مدد کی۔

ٹیکس حکام نے ایک سی ڈی فروری میں خریدی تھی جس میں گیارہ سو امیر جرمن افراد کے حوالے سے معلومات ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ حکام نے یہ سی ڈی ایک نامعلوم شخص سے ڈھائی کروڑ یورو میں خریدی تھی۔

اس سی ڈی سے ملنے والی معلومات سے اسغاثہ سمجھتی ہے کہ گیارہ سو افراد نے غیر اعلان شدہ آمدنی کے ایک اعشاریہ دو بلین یوروز (ایک بلین پاؤنڈ) سوئس بینک میں رکھے ہوئے ہیں۔

ابتدا میں تفتیش ان افراد کے خلاف ہو رہی تھی لیکن اب اس تفتیش کے دائرے میں بینک کے عملے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اپریل میں کریڈٹ سویئس بینک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس بات کے واضح اشارے ملے ہیں کہ بینک کے بعض کھاتے دار اس فہرست میں شامل ہیں جن کی معلومات اس سی ڈی پر ہیں۔

یورپ اور امریکہ کی حکومتیں ٹیکس کی چوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتی ہیں۔ اور یہ پہلی بار نہیں کہ جرمنی کے حکام نے بینک کے کھاتہ داروں کی معلومات خریدی ہوں۔

اسی بارے میں