اعلیٰ یورپی سفارتکار غزہ کے دورے پر

گزشتہ چھ ماہ میں کیتھرین آشٹن کا غزہ کا یہ دوسرا دورہ ہے

یورپی یونین کی خارجہ امور کی اعلیٰ سفارتکار کیتھرین آشٹن غزہ کے دورے پر پہنچ گئی ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے محاصرے میں نرمی کے بعد کسی غیر ملکی اعلیٰ سفارتکار کا غزہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔

گزشتہ ماہ اسرائیل نے سرکاری طور پر غزہ کی ناکہ بندی میں اپنی اعلان کردہ نرمی کی تفصیل جاری کی تھی جس کے مطابق غزہ میں عام استعمال کی اشیاء لے جانے کی اجازت دی گئی تھی تاہم تعمیراتی سامان کی نقل و حمل کو اب بھی مشروط رکھا گیا ہے اور علاقے کی برآمدات پر پابندی بھی برقرار رہے گی۔

گزشتہ چھ ماہ میں کیتھرین آشٹن کا غزہ کا یہ دوسرا دورہ ہے۔

اس سے پہلے وہ مارچ کے مہینے میں یورپی یونین کی جانب سے مشرق وسطیٰ مذاکرات شروع کرانے کے حوالے سے کوششوں کے سلسلے میں غزہ پہنچی تھیں۔

اپنے اس دورے کے دوران وہ اس بات کا جائزہ لے گی کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں اقتصادی ناکہ بندی میں نرمی کی کیا سچائی ہے اور کس حد تک وہ عام استمعال کی اشیاء لے جانے کی اجازت ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ انہیں حالات میں زیادہ تبدیلی دیکھنے کو نہیں ملے گی کیونکہ ایک طرف جہاں غزہ میں دکانوں میں اسرائیلی سامان دیکھا جاسکتا ہے وہیں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسے بہت کم مقدار میں تعمیراتی سامان حاصل ہو رہا ہے۔

آشٹن کے اس دورے کا اہم محور غزہ کی معیشت ہوگا جو کہ اسرائیلی ناکہ بندی کے بعد بری حالت میں ہے۔

غزہ میں برآمدات پر ابھی بھی پابندی ہے اور چالیس فی صد لوگ ابھی بھی بے روزگار ہیں۔

کیتھرین آشٹن اس دورے کے دوران حماس رہنما‎ؤں سے کوئی سرکاری ملاقات نہیں کریں گی۔

گزشتہ چار سالوں سے جاری غزہ کی اسرائیلی ناکہ بندی شروع سے متنازعہ رہی ہے تاہم غزہ کے فلسطینیوں کے اس محاصرے کے خلاف احتجاج کے طور پر حال ہی میں سمندر کے راستے امداد لے جانے والے کارکنوں پر اسرائیلی فوج کے حملے میں جب نو ترک شہری ہلاک ہوگئے تو اسرائیل پر عالمی دباؤ بڑھا تھا کہ وہ اس ناکہ بندی کو ختم کرے۔

دریں اثنا مشرق وسطیٰ میں امن مذاکرات کی بحالی کے لیے مصر کے صدر حسنی مبارک ایک نئی کوشش کرنے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف رہنماوں سے بات چیت کریں گے۔مصری صدر حسنی مبارک سے اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نتین یاہو، فلسطینی صدر محمود عباس اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر اوباما کے خصوصی نمائندے جارج میچل شامل ہیں۔

اسی بارے میں