برمامیں عام انتخابات سات نومبر کو ہونگے

فائل فوٹو
Image caption برما میں فوجی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے ہیں

برما میں فوجی حکمراں نے آئندہ سات نومبر کو عام انتخابات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ الیکشن بیس برس بعد کرائے جائیں گے۔

اس اعلان کے ساتھ ہی عام انتخابات کے متعلق مہینوں سے جاری قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔

انتخابات کے لیے ووٹنگ پر کنٹرول ہے اور نئے آئین کے تحت پارلیمان کی پچیس فیصد سیٹیں فوج کے لیے ریزرو ہیں۔

سنہ انیس سو نوے کے انتخابات میں جمہوریت نواز رہمنا آنگ سان سو کی کی نیشنل لیگ فار ڈیموکریٹک پارٹی نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی تب سے پہلی بار انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ الگ بات ہے کی آنگ سو کی پارٹی کو فوج نے کبھی بھی اقتدار نہیں سونپا اور ان کی جماعت پر پابندی عائد ہے۔

آنگ سو کی گزشتہ بیس برسوں سے یا تو جیل میں ہیں یا پھر اپنے گھر کے اندر محصور رہی ہیں۔خود محترمہ سوکی کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے کیونکہ وہ ایک سزا یافتہ شہری ہیں۔

انتخابات کا اعلان ملک کے انتخابی کمیشن نے سرکاری ریڈیو اور ٹی وی پر کیاہے۔ اعلان کے مطابق '' مختلف سیاسی جماعتوں پر مشتمل عام انتخابات اتوار سات نومبر کو منعقد ہوں گے۔''

بینک کاک میں بی بی سی کی نامہ نگار ریچل ہاروی کے مطابق بعض لوگ اس پول کو پوری طرح سے دکھاوا مانتے ہیں لیکن بعض مبصرین کے مطابق برما کی سیاست میں یہ ایک بنیادی تبدیلی کی ابتداء ہوسکتی ہے۔

انٹرنیشنل مشاہدین نے فوج کی جانب سے انتخابی مہم پر اس قدر کنٹرول پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔ جنوب مشرقی ایشائی ممالک پر مشتمل تنظیم آسیان، جسکا برما خود ایک رکن ہے، کئی بار صاف شفاف انتخابات کے لیے زور دیا ہے۔

امریکہ اور یوروپی یونین نے جمہوریت کی بحالی کے اقدامات نا کرنے کے لیے برما پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

برما کی فوجی حکومت نے مارچ میں انتخابات کے لیے جو نئے اصول و ضوابط بنائے ہیں اس کے مطابق کوئی بھی فرد جس پر مجرمانہ قسم کا مقدمہ ہو وہ نا تو کیسی سیاسی جماعت کا رکن ہو سکتا ہے اور نا ہی وہ انتخاب لڑ سکتا ہے۔

انتخابی مہم پر بھی کئی طرح کی پابندیاں عائد ہیں جس کے خلاف آنک سو کی جماعت نے احتجاج کیا تھا۔ '' نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی '' نے بطور احتجاج ان انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا اور جماعت نے فوجی حکومت کے اصولوں کے تحت رجسٹر کرانے سے منع کردیا تو اس پر پابندی عائد کر دی گئی۔

اسی بارے میں