غزہ: اسرائیلی بمباری سے ایک ہلاک

غزہ میں بمباری(فائل فوٹو)
Image caption ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد سمگلر تھے:حماس

غزہ میں اسرائیلی طیارے کی بمباری سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ بمبار طیارے نے ان سرنگوں کو نشانہ بنایا جو سامان کی مصر سے غزہ سمگلنگ کے لیے استعمال ہوتی ہیں اور بمباری کے بعد ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔

غزہ کی پٹی کو کنٹرول کرنے والی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد سمگلر تھے جو غزہ اور مصر کی سرحد کے نیچے واقع سرنگ میں کام کر رہے تھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ بمباری گزشتہ ہفتے کے دوران اسرائیلیوں پر ہونے والے حملوں کا ردعمل تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ منگل کو غربِ اردن کے علاقے میں چار یہودی آبادکاروں کو ہلاک کیا گیا تھا اور اس حملے کی ذمہ داری حماس نے قبول کی تھی۔ اس سے اگلے ہی دن غربِ اردن میں ہی فائرنگ سے دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند دن قبل ہی اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں کے درمیان امن مذاکرات شروع ہوئے ہیں۔ یہ دو سال میں پہلا موقع ہے کہ اس قسم کے مذاکرات کا انعقاد ہو رہا ہے اور امریکہ کی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے حوالے سے موجودہ امن مذاکرات امن کے لیے آخری موقع ثابت ہو سکتے ہیں۔

اسی بارے میں