پی آئی اے کا جہاز سٹاک ہوم سے روانہ

پی آئی اے کا جہاز

پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن کے کینیڈا سے کراچی جانے والے جس جہاز کو سویڈن کے حکام نے سٹاک ہوم میں اتار لیا تھا اسے ساڑھے نوگھنٹے بعد وہاں سے جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق سویڈش حکام نےایک پاکستانی نژاد کینیڈین شہری کو پوچھ گچھ کے لیے اتارا تھا جبکہ جہاز باقی تمام مسافروں کو لےکر برطانیہ کے ائرپورٹ مانچسٹر کے لیے روانہ ہوگیا ہے۔

سٹاک ہوم پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکام نے مشتبہ مسافر سے تفتیش کے بعد اسے رہا کر دیا ہے۔

پی آئی اے کے جہاز کو سویڈش حکام نے آرلینڈا ہوائی اڈے پر ہنگامی حالت میں اس وقت اتار لیا تھا جب کینیڈا میں پولیس کو ایک خاتون نے فون پر بتایا تھا کہ طیارے میں ایک مسافر کے پاس دھماکہ خیز مواد موجود ہے۔

جہاز کے عملے سیمیت جہاز دو سو پچپن افراد سوار تھے۔ یہ جہاز کینیڈا کے شہر ٹورانٹو سے کراچی جا رہا تھا۔

پی ائی اے ترجمان کے مطابق سٹاک ہوم ائرپورٹ حکام کی اجازت کے بعد جہاز مانچسٹر روانہ ہو گیا ہے جہاں جہاز کےعملے میں تبدیلی کے بعد جہاز کراچی کے لیے روانہ ہو گا اور اتوار کی صبح پاکستان کے معیاری وقت چھ بجے کراچی پہنچے گا۔.