آرٹ کی نیلامی، بارہ ملین کی آمدنی

دیوالیہ انویسٹمنٹ بینک لیہمن برادرز کے نیویارک کے دفاتر میں موجود پینٹنگز اور آرٹ کے دیگر نمونوں کی فروخت سے بینک کو بارہ کروڑ ڈالر سے زائد کی آمدنی ہوئی ہے۔
لیہمن برادرز چھ سو ارب ڈالر کا مقروض ہے اور آرٹ کے نمونوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو ان قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
لیکن بینک کے قرضوں کے حجم کے سامنے آرٹ کی فروخت سے حاصل ہونی والی رقم سمندر میں قطرے کے برابر ہے۔
لیہمن برادرز دو ہزار آٹھ میں دیوالیہ ہو گیا تھا۔
اس کے علاوہ بینک کے پاس بڑی تعداد میں یورپی آرٹ کے جو نمونے ہیں انہیں بدھ کو لندن کے مشہور آکشن ہاؤس کرسٹیز میں بیچا جائے گا۔
نیویارک میں ہونے والے آکشن میں ایتھیوپیا کی آرٹسٹ جولی مہریٹو کی پینٹنگ بھی شامل تھی جو دس لاکھ ڈالر سے زائد میں فروخت ہوئی۔ جب کہ چینی آرٹسٹ لیو ای کی آئل پینٹنگ ساڑھے نو لاکھ ڈالر سے زائد رقم میں فروخت ہوئی۔
لندن کے کنیری وارف کے علاقے میں بینک کے آفس کا نشان بھی فروخت ہونے والی اشیاء میں شامل ہے۔