سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کریں:اسامہ

اوسامہ بن لادن فائل فوٹو

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن نے ایک نئے آڈیو پیغام میں پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کا نیا آڈیو پیغام اسلامی ویب سائٹ پر شائع ہوا ہے۔

انٹیلیجنس گروپ سائٹ کے مطابق گیارہ منٹ کے اس تازہ ترین پیغام میں اسامہ نے دنیا میں آنے والی قدرتی آفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔

اس پیغام کا عنوان ’امدادی کاموں کے طریقہ کار پر نظر‘ ہے۔

آڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ جنگوں کی نسبت موسمی تبدیلیوں کے باعث بہت سے افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس پیغام کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اسامہ کا اشارہ پاکستان میں آنے والے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاری کی جانب ہے۔

اسامہ کے مطابق ’پاکستان میں آنے والی تباہی بہت بڑی ہے اور اُسے بیان کرنا بہت مشکل ہے‘۔ اُن کے مطابق تباہی کے باعث متاثرہ افراد کو بہت مشکلات کا سامنا ہے۔

پیغام کے مطابق اوسامہ بن لادن نے مخیر افراد پر زور دیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ اپنے پاکستانی بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں۔ امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق اپنے پیغام میں اسامہ نے کہا ’حکومتیں جو اپنی فوجوں پر رقم خرچ کرتی ہیں وہ امدادی کاموں پر خرچ کی گئی رقم سے کہیں زیادہ ہے۔‘

القاعدہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ایک امدادی تنظیم قائم کی جائے جو ان مسلمان ممالک کے علاقوں پر تحقیق کریں جہاں سیلاب کا خطرہ ہے، غریب علاقوں میں ترقیاتی کام کیے جائیں اور غذائی تحفظ کے لیے زراعت کے شعبے میں کام کیا جائے۔

واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کی جانب سے جاری کیے جانے والا نیا آڈیو پیغام مارچ کے بعد پہلا پیغام ہے تاہم اِس کے اصل ہونے کی تصدیق ہونی باقی ہے۔

اسی بارے میں