مرے نے شنگھائی ماسٹرز جیت لیا

Image caption یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ کے ایک میچ میں اینڈی مرے سٹینسلاس واورنکا کے ہاتھوں ہار گئے تھے۔

اینڈی مرے نے روجر فیڈرر کو چھ تین اور چھ دو سے شکست دے کر شنگھائی ماسٹرز ٹورنامنٹ جیت لیا۔

یہ رواں سال کے دوران اینڈی مرے کی دوسری اور کیریئر کی چھٹی اہم کامیابی ہے۔ اینڈی مرے اسی سال ستمبر میں ہونے والے ایو ایس اوپن مقابلے کے ابتدائی راؤنڈ میں ہارنے کے بعد مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔

یو ایس اوپن کے تیسرے راؤنڈ کے ایک میچ میں اینڈی مرے سٹینسلاس واورنکا کے ہاتھوں ہار گئے تھے۔ لیکن شنگھائی ماسٹرز میں کامیابی کے بعد انہوں نے لندن میں ہونے والے اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنل مقابلوں کے لیے جگہ بنا لی ہے۔

اینڈی مرے نے ایک گھنٹہ پچیس منٹ جاری رہنے والے پہلے سیٹ میں چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے پہلے سیٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

اس سے پہلے اگست میں بھی اینڈی مرے نے روجر فیڈرر کو ٹورانٹو ماسٹرز کے فائنل میں شکست دی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ ٹورانٹو ماسٹرز میں اینڈی مرے نے اپنے کیریئر کا بہترین کھیل پیش کیا تھا۔

اتوار کے روز ہونے والے میچ میں اینڈی مرے شروع سے ہی اچھا کھیل پیش کر رہے تھے جبکہ فیڈرر بجھے بجھے سے نظر آ رہے تھے۔ اینڈی مرے نے ان کے برے شاٹس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلی گیم میں ہی ایک بریک پوائنٹ حاصل کیا۔

دوسرے سیٹ میں بھی فیڈرر اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکے اور یہ سیٹ بھی چھ دو سے ہار گئے۔

اسی بارے میں