فلپائن خطرناک سمندری طوفان کی زد میں

شمال شرقی فلپائن کے کئی علاقے ایک انتہائی خطرناک سمندری طوفان کے زد میں آئے ہیں جس کے باعث ہزاروں افردا نے اپنے گھر بار چھوڑ کر علاقے کو خالی کر دیا ہے۔ شمالی مشرقی صوبے کگایان اور ایزابیلا میں ہائی الرٹ ہے ایک ماہی گیر کی ڈوبنے سے موت ہوگئی ہے۔
طوفان کی وجہ سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور بھاری بارش ہورہی ہے۔ ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
میگی نامی اس سمندری طوفان کی وجہ سے شمالی صوبوں میں ہزاروں افراد اپنا گھر چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
گزشتہ چار برسوں میں فلپائن میں آنے والا یہ سب سے طاقتور طوفان ہے۔
فلپائن کے شمالی علاقے میں دھان کی سب سے زیادہ کھیتی ہوتی ہے اور کسان اپنی فصلوں کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔
میگی طوفان کی وجہ سے 225 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ بعض اوقات اس سے بھی زیادہ تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ طوفان دارالحکومت منیلا کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔
طوفان کی وجہ سے ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ بعض علاقوں میں سکول اور کالجوں کو بند کردیا گیا ہے۔
حکام نے متبنہ کیا ہے کہ بھاری بارش اور تیز ہوایئں عمارتوں، فصلوں اور بجلی کی سپلائی کو تباہ کرسکتی ہیں۔
سمندری سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ہزاروں فوجیوں اور اہلکاروں کو مدد کے لیے چوکس رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔
گزشتہ برس کیٹ سینا نام کے طوفان میں کم از کم ڈھائی سو افراد ہلاک ہوئے تھے اور دارالحکومت منیلا کا ایک بہت بڑا حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا۔
فلپائن میں 2006 میں جو طوفان آیا تھا اس میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہوئے تھے۔