افغانستان: چھت گرنے سے ساٹھ ہلاک

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں بدھ کو ایک مکان کی چھت گرنے سے کم از کم ساٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بغلان کے علاقے جلگا میں پیش آیا۔ اس گھر میں شادی کی تقریبات ہو رہی تھیں۔

صوبے کے گورنر منشی عبدل ماجد کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔اس کے علاوہ پندرہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

’یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے جو اس وقت ہوا جب وہ لوگ شادی کی تقریب میں خوشیاں منا رہے تھے۔‘

منشی عبدل ماجد کا کہنا تھا کہ شادی کی یہ تقریب ایک تین منزلہ عمارت میں ہو رہی تھیں۔

جس علاقے میں یہ واقعہ ہوا ہے وہاں سے قریب ترین ہسپتال ایک دوسرے ڈسٹرکٹ میں ہے۔ بغلان کے شعبہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر سلیم رسولی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دور دراز علاقے میں ہوا ہے اس لیے متاثرہ لوگوں تک امداد پہنچانا ایک مشکل کام ہے۔

’ ہمیں اس علاقے تک رسائی نہیں ہے اور وہاں سے قریب ترین کلینک پڑوسی ضلعے میں ہے‘۔

ڈاکٹر سلیم رسولی نے کہا کہ اس علاقے میں فون بھی کام نہیں کرتے اور معلومات کی ترسیل انتہائی سست ہے۔

.