منشیات کی سمگلنگ کے لیے سرنگ

گانجا
Image caption تقریباً دو ہفتے قبل ہی تجوانہ میں 130 ٹن گانجا برآمد ہوا تھا

امریکہ اور میکسیکو کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے کیلیفورنیا اور میکسیکو کی سرحد پر ایک سرنگ دریافت کی ہے جسے جرائم پیشہ افراد منشیات سمگل کرنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔

تقریباً پانچ سو میٹر لمبی اس سرنگ میں روشنی اور ہوا کا پورا انتظام تھا اور ایک چھوٹی سی ریل ٹریک بھی بنائی گئی تھی۔

ابتدائی خبروں کے مطابق ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر میکسیکو کی پولیس تجوانہ شہر کے ایک سنسان ویئر ہاؤس تک پہنچی جو امریکی سرحد کے بالکل نزدیک تھا۔ یہ شہر کیلیفورنیا میں منشیات سمگل کرنے کے اہم راستوں میں سے ایک ہے۔

ویئر ہاؤس میں پولیس کو ایک سرنگ کا دروازہ بھی ملا جو امریکی علاقے تک جا رہی تھی۔وہاں موجود نامہ نگاروں کا کہنا تھا کہ یہ سرنگ اتنی چھوٹی تھی کہ اس میں کھڑے ہونے تک کی گنجائش نہیں تھی اور وہاں ایک ریل ٹریک بنا ہوا تھا۔

سرنگ سے 24 ٹن سے زائد گانجا برآمد ہوا ہے۔ تقریباً دو ہفتے قبل ہی تجوانہ میں 130 ٹن گانجا پکڑا گیا تھا جو میکسیکو کی تاریخ میں برآمد ہونے والی منشیات کی اب تک کی سب سے بڑی کھیپ تھی۔ منشیات کا کاروبار کرنے والے اپنے دھندے کو بڑھانے کے لیے اکثر سرحدوں کے نزدیک اس طرح کی سرنگیں بناتے ہیں۔

اسی بارے میں