کیوبا: مسافر بردار ہوائی جہاز گر کر تباہ

فائل فوٹو، کیوبا کی سرکاری ہوائی کپمنی کا جہاز
Image caption کیوبا کی سرکاری ہوائی کمپنی کا دو انجن والا ہوائی جہاز صوبہ سانٹی سپرچوئس میں گر کر تباہ ہوا

کیوبا میں سرکاری میڈیا کے مطابق سرکاری ائر لائن کا ایک مسافر بردار ہوائی جہاز گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

جہاز میں اٹھائیس غیر ملکیوں سمیت اڑسٹھ مسافر سوار تھے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق سرکاری ہوائی کپمنی ائرو کریبین کا ہوائی جہاز مشرقی شہر سینتیاگو ڈی کیوبا سے دارالحکومت ہوانا روانہ ہوا تھا کہ راستے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

طیارے میں عملے کے سات ارکان اور اٹھائیس غیر ملکیوں سمیت اڑسٹھ مسافر سوار تھے۔ غیر ملکیوں کی شہریت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر موجود ذرائع کے مطابق جہاز کے ملبے سے اب تک کئی لاشوں کو نکلا جا چکا ہے۔

ایک عینی شاہد نے جائے حادثہ کو ’ پہاڑ کے درمیان شعلوں کا ایک گولہ‘ بیان کیا ہے۔